اسحٰق ڈار سے چینی ہم منصب اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کی ملاقات

اسحٰق ڈار سے چینی ہم منصب اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کی ملاقات

  



ارومچی /بیجنگ(این این آئی)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وسطی ایشیاء علاقائی اقتصادی تعاون (کاریک) کے رکن ممالک کیلئے علاقائی رابطہ انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ خطہ ماضی میں دنیا کے دیگر علاقوں کے مقابلہ میں علاقائی تجارت اور تعاون میں پیچھے رہا ہے وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہاکو نکاؤ سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ ملاقات میں اے ڈی بی کی طرف سے مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے سرمائے کی فراہمی سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کاریک اقدام کیلئے اے ڈی بی کی معاونت کو سراہا جو رکن ممالک کو تجارت اور ٹرانسپورٹیشن جیسے شعبوں میں تعاون کیلئے قریب تر لانے میں معاون ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ کاریک انسٹی ٹیوٹ کیلئے اے ڈی بی کی معاونت قابل تحسین ہے، امید ہے کہ یہ انسٹی ٹیوٹ علاقائی ترقیاتی مسائل کے جدت کے حامل حل پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اے ڈی بی کے صدر نے پاکستان میں اے ڈی بی کے معاون اقدامات کیلئے مسلسل حوصلہ افزائی پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آنے والے برسوں میں تعاون میں مزید اضافہ کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی علاقائی تعاون کے فروغ کے خواہاں کاریک کے رکن ممالک کو مالیاتی اور تکنیکی تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاریک خطہ میں علاقائی رابطہ کے منصوبوں کیلئے بہت زیادہ گنجائش پائی جاتی ہے۔ وزیر خزانہ اور صدر اے ڈی بی نے پاکستان میں اے ڈی بی کے فنڈز سے جاری اور دیگر زیر غور منصوبوں کے بارے میں امور پر بھی بات چیت کی۔ بعداز اں اپنے چینی ہم منصب زیاو جیء سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین سیاسی،ادارہ جاتی اور ہر سطح پر خوشگوار دو طرفہ تعلقات موجود ہیں جبکہ سی پیک منصوبہ سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لائے گا۔انہوں نے اپنے چینی ہم منصب کو کاریک انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیوں میں فعال شرکت کو جاری رکھے گا۔ملاقات کے دوران دونوں وزرا ء نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو کو مزید بڑھانے کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا۔چین کے وزیر خزانہ زیاو جیء نے دورہ چین پر اسحاق ڈار کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دو ہمسایہ ملکوں کے مابین اعلی سطح پر تبادلے مستحکم دو طرفہ تعلقات کے مقاصد کو مزید آگے لیجانے میں معاون ثابت ہونگے۔انہوں نے بر وقت سی پیک منصوبے پر عملدرآمد کیلئے حکومت پاکستان کے کوششوں کو سراہا۔

اسحق ڈار

مزید : ملتان صفحہ اول