ورلڈالیون کی آمد محض ٹور نہیں،کرکٹ کی عالمی برادری کا پاکستان سے اظہار یکجہتی ہے:رمیز راجہ

ورلڈالیون کی آمد محض ٹور نہیں،کرکٹ کی عالمی برادری کا پاکستان سے اظہار ...
ورلڈالیون کی آمد محض ٹور نہیں،کرکٹ کی عالمی برادری کا پاکستان سے اظہار یکجہتی ہے:رمیز راجہ

  



کراچی(یو این پی)سابق قومی کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کی پاکستان آمد محض ایک ٹور نہیں بلکہ کرکٹ کی عالمی برادری کا پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی ہے ،دورے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی جس کا تمام تر کریڈٹ آئی سی سی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی جاتا ہے۔آئی سی سی کیلئے اپنے خصوصی کالم میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ جب پاکستان ٹور کیلئے ورلڈ الیون کا اعلان ہوا تو یہ موجودہ حالات میں محض ایک دورہ نہیں ہے بلکہ اس بات کی نشاندہی بھی کہ کرکٹ کی عالمی برادری پاکستان کو پیچھے چھوڑنے کے حق میں نہیں اور ان کی یہ کاوش ملک میں بین الاقوامی میچوں کے نئے سرے سے اجراء کیلئے معاون ثابت ہوگی جس کیلئے آئی سی سی اور وہ غیر ملکی کھلاڑی سراہے جا سکتے ہیں جنہوں نے اپنے خاندانوں اور دوستوں کی آراء کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وسیع تناظر میں بہادرانہ فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وسیع تناظر یہی ہے کہ ’’آپ کو ہماری اور ہمیں آپ کی ضرورت ہے ‘‘ اور کرکٹ کا کھیل اسی نکتے کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی بقاء تلاش کر سکتا ہے۔ ان کا اپنے کالم میں کہنا تھا کہ پاکستان نے ملک میں کرکٹ کی بحالی کا کیس ملک سے باہر متاثر کن کھیل کی بنیاد پر لڑا ہے اور اس کا مقصد محض یہی نہیں کہ پاکستانی کھلاڑی اپنے ہم وطنوں کے سامنے کھیل سکیں بلکہ اس کا سبب یہ بھی ہے کہ ملک میں ابھرنے والے پلیئرز کے سامنے اب کوئی آئیڈیل نہیں رہا جس کو دیکھ کر وہ اپنے اندر کھیل کا جذبہ بیدار کر سکیں۔ رمیز راجہ کے مطابق یو اے ای میں فتوحات کے سہارے عالمی نمبر ایک بننے والی پاکستانی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی میں ٹائٹل کامیابی یقینی بنائی اور پھر پی ایس ایل کے دوکامیاب ایڈیشنز نے بھی عالمی سطح پر بہترین پیغام دیا کہ پاکستانی پلیئرز کو عالمی برادری کی مدد درکار ہے۔

مزید : کھیل


loading...