پریتی زنٹا بھی جاوید آفریدی کیساتھ مقابلے کیلئے میدان میں آ گئیں، ایسا کام کر دیا کہ پاکستانیوں اور بھارتیوں کا جوش و جذبہ آسمان کو چھونے لگا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکارہ اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کنگز الیون پنجاب کی مالکن پریتی زنٹا نے ٹی 20 گلوبل لیگ کی فرنچائز سٹیلن بوش بھی خرید لی ہے۔
شائقین کرکٹ اس پر بہت خوش ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ اس لیگ میں فواد رانا اور جاوید آفریدی کی ٹیموں کا جب پریتی زنٹا اور شاہ رخ خان کی ٹیموں سے مقابلہ ہو گا تو یہ ایک طرح سے ’پاک، بھارت‘ میچ ہی کہلائے گا۔
پریتی زنٹا ٹی 20 گلوبل لیگ میں ٹیم خریدنے والی پہلی بھارتی شہری نہیں ہیں بلکہ ان سے پہلے اجے سیٹھی، سشیل کمار اور ہائرن بھنو بھی ٹیمیں خرید چکے ہیں۔ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”مجھے یہ اعلان کرنے پر بہت خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے کہ پریتی زنٹا بھی جنوبی افریقی لیگ فیملی کا حصہ بن گئی ہیں اور میں انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔“
یہ بھی پڑھیں۔۔۔میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی، افغان طالبان بھی میدان میں آگئے
پریتی زنٹا کا کہنا ہے کہ ”میں ہارون لورگاٹ کی شکرگزار ہوں اور اس لیگ کیلئے ان کے اعتماد اور جذبے کی قدر کرتی ہوں جس کے باعث میں یہ ٹیم خریدنے پر مجبور ہوئی۔ میں یہ یقین رکھتی ہوں کہ جنوبی افریقہ میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے یہ بہت ہی شاندار موقع ہے۔ یہ لیگ انہیں اپنے ملک کے سب سے بہترین کھلاڑی سے اس دنیا کا بہترین کھلاڑی بننے کا موقع فراہم کرے گی۔“