این اے 120 کا ضمنی معرکہ ،الیکشن کمیشن کا حافظ سعید کی تصاویر بینرز اور اشتہارات سے ہٹانے کا حکم ،آزاد امیدوار محمد یعقوب شیخ کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

این اے 120 کا ضمنی معرکہ ،الیکشن کمیشن کا حافظ سعید کی تصاویر بینرز اور ...
این اے 120 کا ضمنی معرکہ ،الیکشن کمیشن کا حافظ سعید کی تصاویر بینرز اور اشتہارات سے ہٹانے کا حکم ،آزاد امیدوار محمد یعقوب شیخ کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران پروفیسر حافظ محمد سعید کی تصویر استعمال کرنے سے روکے جانے کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے والے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار محمد یعقوب شیخ  کا کہنا ہے کہ اگر سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیے گئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تصویر اشتہارات اور بینرز پر لگائی جاسکتی ہے تو  محسن کشمیر حافظ محمد سعید کی تصویر ان کے بینرز اور اشتہارات پر کیوں نہیں لگائی جاسکتی ؟جن کے متعلق اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں کہ ان کیخلاف کوئی جرم ثابت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے محمد یعقوب شیخ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ محمد یعقوب شیخ حلقہ این اے 120میں انتخابی مہم کے دوران حافظ محمد سعید جو کہ پچھلے چھ ماہ سے زائد عرصہ سے اپنی رہائش گاہ پر نظر بند ہیں، کی تصاویر استعمال والے اشتہارات اور بینرز نہیں لگاسکتے جس کے بعد این اے 120کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے ایسے اشتہارات، بینرز اور ہورڈنگز اتارنے کا باقاعدہ سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔

محمد یعقوب شیخ انرجی سیور کے انتخابی نشان سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور حلقہ میں ان کی انتخابی کیمہپئن  دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح بہت مضبوط دکھائی دیتی ہے۔این اے 120کے مختلف علاقوں میں ہونے والے محمد یعقوب شیخ کے جلسوں اور کارنر میٹنگز  میں لوگوں کا رش دیکھنے میں آ رہا جبکہ ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران بھی مقامی لوگوں کی جانب سے بھرپور استقبال کیا جارہا ہے۔

مزید : لاہور


loading...