فیڈ مک مینو فیکچررز کو ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے:میاں کاشف اشفاق
لاہور(این این آئی)چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق فیڈمک مقامی بزنس کو فروغ دینے کیلئے مینوفیکچررز کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کر رہی تاکہ صوبے میں کاروباری آسانیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ فیڈمک کیمپ آفس میں مقامی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف نے کہا کہ بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی مینوفیکچررز، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو بھی یکساں مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور خطے میں تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ حکومت کاروباری برادری کے خدشات سے بخوبی واقف ہے اور انہیں دور کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے، اس ضمن میں ہر سطح پر روابط کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور ایم تھری انڈسٹریل زون جیسے منصوبے مقامی طور پر تیار کردہ سامان کی طلب میں اضافہ کرکے مقامی معیشت کو متحرک کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں، اس سے نہ صرف مینوفیکچرنگ کی موجودہ صلاحیت سے بھر پور استفادہ اور اس صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ریونیو میں اٖضافہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 400 صنعتوں کے قیام کے علاوہ تقریباً اڑھائی لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ منصوبے میں کم و بیش 400 ارب روپے کی غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری ہو گی جس کیلئے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک اپنے صارفین کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ ان کے مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہے اور ایم تھری منصوبے کی تکمیل کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال اتنی خراب نہیں جتنی بعض حلقے پیش کر رہے ہیں۔ حکومت معاشی استحکام کے لئے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے کیونکہ اسے یقین ہے کہ ملک میں معاشی انقلاب صرف تجارت کے فروغ کے ذریعے ہی ممکن ہے، اس ضمن میں برآمدی شعبے کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل کے شعبے کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے کیونکہ معاشی استحکام لانے میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پالے گی۔
پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کو تبدیل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔