محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی ہماری اولین ترجیح ہے:میئر کراچی

محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی ہماری اولین ترجیح ہے:میئر کراچی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس کے مقامات اور جلوس کی گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی ہماری اولین ترجیح ہے ایسے تمام مقامات پر ہنگامی بنیادوں پر سڑکوں کی مرمت،استرکاری اور گڑھوں کوبھرنے کاکام جاری ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی مشکلات اور تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شب مسجد خیر العمل اور بارہ گاہ شہدائے کربلا انچولی کے دورے کے موقع پر علامہ ظفر حسن نقوی سے ملاقات اور بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، یوسی چیئرمین عارف شاہ، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ موجودہ وسائل میں تمام ممکنہ انتظامات کئے جا رہے ہیں،بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر ضلعی کارپوریشنزاپنے اپنے علاقوں میں مجالس اور جلوس کی گزرگاہوں کی صفائی اور سڑکوں کی استرکاری میں مصروف عمل ہیں اور اپنے اپنے علاقو ں میں بھر پور طریقے سے کام کر رہے ہیں تاہم مسائل کے انبار کے باعث بلدیہ عظمیٰ کراچی بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ کم وقت میں ان مسائل کو حل کیا جاسکے،  میئر کراچی نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی مرمت و استرکاری کے کام انجام دیے جا رہے ہیں جن میں عاشورہ کے مرکزی جلوس کے روٹ ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہاؤس کے سامنے سڑک کی مرمت، کورنگی میں حسینی سفارت خانہ نزد آرسی ڈی گراؤنڈ سڑک کی کارپٹنگ اور حسینیہ امام بارگاہ، جی ایریا سو کوارٹر اور ڈسٹرکٹ ملیر میں مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار اور عون محمد امام بارگاہ کے اطراف سڑکوں کی استرکاری و اسفالٹ پیچ ورک کا کام شامل ہے جبکہ کائنز کلب 13D/2 میں ترقیاتی کام شامل ہیں اس کے علاوہ سولجر بازار کی مرکزی سڑک اور نشتر پارک کے اطراف اندرونی سڑکوں کی مرمت، سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد کے قریب محرم کے جلوس کے راستے پر اسٹریٹ لائٹس کی درستگی اور شاہراہ پاکستان پر لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب گڑھوں کو بھرنے اور سڑک کی مرمت کا کام انجام دیا گیا ہے اور شاہراہ اورنگی میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سڑک کی از سر نو تعمیر کی جارہی ہے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد شہر کے مختلف اضلاع میں سڑکوں پر پڑے ہوئے گڑھوں کو بھرنے اور سڑکوں کی مرمت و استرکاری کا کام تیزی سے انجام دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور مشینری استعمال کی جا رہی ہے جبکہ اب تک شہر کی مختلف اضلاع میں سڑکوں کی مرمت اور نکاسی آب کے امور انجام دیے جا چکے ہیں، اس کام کے ساتھ ساتھ مجالس کے مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر جراثیم کش اسپرے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں تاکہ مکھی اور مچھروں کا خاتمہ ہوسکے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بھی اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرے اور جہاں جہاں سیوریج کے مسائل ہیں انہیں فوری طور پر حل کرے جبکہ جن مقامات پر کچرا ہے وہاں سے اسے فوراً اٹھایا جائے، علامہ ظفر حسن نقوی اور دیگر منتظمین نے میئر کراچی وسیم اختر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی شہر اور خصوصاً مجالس کے مقامات کا دورہ کرکے ہمارے مسائل کو حل کرنے کے لئے جو کوششیں کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -