کلین کراچی مہم شہرت کا حصول اور سیاسی ڈرامے بازی تھی، مرتضی وہاب

کلین کراچی مہم شہرت کا حصول اور سیاسی ڈرامے بازی تھی، مرتضی وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و مشیرماحولیات، قانون و ساحلی ترقی سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماء علی زید ی کی کلین کراچی مہم سستی شہرت حاصل کرنے کا بہانہ اور سیاسی ڈرامے بازی تھی،صفائی مہم کے نام پر سیاسی مخالفین کو بدنام کرنے کی کوشش اور مہم چلائی گئی، اگر تحریک انصاف کے لوگ دوسروں کی خامیاں ڈھونڈنے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دیں تو زیادہ بہتر ہوگا ویسے بھی تحریک انصاف نے اپنے ایک سال میں عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں،تبدیلی کی رٹ لگانے والوں نے صرف اور صرف انتقام کی سیاست کو فروغ دیاہے،کراچی کی عوام کا مینڈیٹ جن کے پاس رہاہے ان کی ناکامی کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ پیپلزپارٹی شہر قائد کی عوام کو اکیلا چھوڑ دیگی،کراچی کی عوام یہ جان چکی ہے کہ علی زید ی کی کلین کراچی مہم سے کراچی کو شدید نقصان اٹھانا پڑا، وفاقی وزیر نے 48ہزار ٹن کچرا نالوں سے نکالنے کا دعوی کیا مگر صرف 12ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائٹس پر پہنچا، ان خیالات کا اظہار انہوں پی وائی او کے ترجمان تیمور علی مہر اور وائس پریذیڈنٹ پی وائی او طارق بلیدی سے ملاقات کے دوران کیا، بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہناتھا کہ پیپلز پارٹی اپنا کام خوش اسلوبی سے کر رہی ہے اور اگر علی زیدی ٹانگ نہ اڑاتے تو کراچی کی صفائی کا کام ہم دو سے تین ہفتوں میں مکمل کر لیتے، تحریک انصاف پروپیگنڈاکرنے کے سواکوئی کام نہیں کر رہی، اس موقع پر پیپلزیوتھ آگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے کہا ہے کہ علی زیدی کی کراچی کو صاف کرنے کی مہم نے شہر کو مزید گندا کردیا ہے، بڑی شاہراہوں اور گلیوں کو صاف کرنے کی بجائے گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل کردیا ہے، ان علاقوں میں بھی گندگی کے ڈھیر کردیئے ہیں جہاں گندگی کا نام و نشان بھی نہیں تھا، صفائی مہم میں ناکامی کے بعد علی زیدی کراچی کی عوام سے معافی مانگیں کیونکہ انہوں نے عوام سے جھوٹ بول کر گمراہ کرنے کی کوشش کی سندھ حکومت اپنی ذمہ داریا ں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، تحریک انصاف کے لوگ دوسروں کے کاموں میں روڑے اٹکانے کی بجائے اپنی کارکردگی کو ٹھیک کریں اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، عوامی پذیرائی ان کے مسائل حل کرنے سے ملتی ہے، تحریک انصاف کے لوگ ویسے ہی سستی شہر ت حاصل کرنے میں سر فہرست ہیں 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ صوبائی وشہری حکومت کی بے حسی وکرپشن نے عروس البلاد کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے، مسائل سے نجات کا واحد حل اور کراچی کی تعمیر وترقی دیانتدار ومخلص قیادت اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ اس وقت کراچی سے کشمور تک پورا سندھ مسائلستان بنا ہوا ہے، پیپلزپارٹی گذشتہ 11سالوں سے سندھ پر برسراقتدار ہے، ہر مرتبہ لوگوں نے ان کو ووٹ دیکر اقتدار تک پہنچایا ان کا فرض بنتا تھا کہ وہ ان کے ووٹ کو عزت دیکر روزگار سمیت ان کے مسائل حل کرتے، مگربدقسمتی کے ساتھ آج کراچی تا کشمور سندھ کے عوام پینے کے صاف پانی، صحت وتعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجواورد سخت گرمی میں بھی جیکب آباد،شکارپور،کشمور سمیت سندھ کے عوام 12گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں، کے الیکٹرک سمیت بجلی فراہم کرنے والے ادارے مافیا بن گئے ہیں جو عوام کا خون نچوڑنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے،بارش کے بعد کراچی شہر گندگی وغلاظت اور مکھیوں ومچھروں کی بھرمار کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہوگیا ہے۔کئی دنوں سے بارش کاپانی کھڑاہونے کی وجہ سے علاقے پانی کے جوہڑ،روڈ توٹوٹ پھوٹ کا شکارہوگئے ہیں جس کی وجہ سے مختلف وبائی بیماریاں پھیل رہی ہیں، اس تمام تر صورتحال کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، صوبائی، وفاقی اور شہری حکومت اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی بجائے ایک دوسرے پر الزام لگاکر اپنے آپ کو بری الذمہ اور لڑاؤ وحکومت کرو کی پالیسی پر گامزن ہیں،سیاسی پوانٹ اسکورنگ نہیں بلکہ عملی وسنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔شہر سب کا ہے تمام جماعتوں کو مل کرشہرکی تعمیر وترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب یہ شہردرویش صفت عبدالستارافغانی اورمردمجاہد نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے حوالے تھا توایک مثالی شہرتھا جنہوں نے اپنی محنت خدمت اوردیانت سے کام کی جس کے کام وکرادار کی مخالف بھی گواہی دے رہے ہیں۔اب بھی قوم نے جماعت اسلامی کی قیادت کو خدمت کا موقوع دیا تو کراچی تا کشمور سندھ کی تعمیروترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...