پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کا کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان جرنلسٹس فورم PJF متحدہ عرب امارات کا ایک اجلاس گزشتہ دنوں شارجہ میں ہوا جس میں PJF کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 6ستمبر 1965ءکے شہیدوں کو ان کی بہادری اور جرات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں پی جے ایف کے صدر اشفاق احمد کی صدارت میں ہوا جس میں سہیل خاور، حافظ زاہد علی، خالد گوندل، احمد قریشی، راجہ اسد، راجہ عرفان، طاہر منیر طاہر، سبط عارف، عظمت انصاری، جمیل خان اور عارف مشاہد شامل تھے۔ اجلاس میں چھ ستمبر کی جنگ کے حوالے سے پاک فوج کی جرات اور بہادری کا ذکر کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کل بھی مضبوط تھا آج بھی مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان کا دفاع آج پہلے سے بھی بہت بہتر ہے جس کا سہرا پاک فوج کے سر جاتا ہے۔ جنہوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنادیا ہے۔
پی جے ایف کے اجلاس میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ظلم و تشدد اور دہشتگردی کی انتہا کردی گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں تمام بنیادی سہولتیں ختم کردی گئی ہیں اور پوری دنیا سے ان کا رابطہ منقطع ہے۔ بھارتی افواج نہتے اور معصوم کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑ رہی ہے جبکہ ممنوعہ اسلحہ کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ کشمیریوں پر ظلم اور زیادتیوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کا جذبہ آزادی آج بھی زندہ ہے اور وہ اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں جس پر ہم انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ہر فور م مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق کی آواز بلند کرے گا جبکہ پی جے ایف کی طرف سے بھی کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی گئی اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیروں کی آزادی کی آواز اُٹھانے کے لئے ان کا ساتھ دیا جائے گا۔