اگست، مختلف جرائم میں ملوث 4720ملزم گرفتار ہوئے
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق خان نے بتایا کہ لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے ماہِ اگست کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 4720 ملزمان کو گرفتار کیا۔ سٹریٹ کرائم، ڈکیتی،راہزنی ودیگر جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن میں 112 گینگز کے 269 ملزمان سے 02 کروڑ 68 لاکھ سے زائد روپے مالیت کی ریکوری کر کے ورثاء کے حوالے کی گئی۔ناجائز اسلحہ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران690ملزمان کو گرفتار کے اْن کے قبضہ سے 40 رائفلز، 06 کلاشنکوف، 24 بندوقیں، 592 ریوالورزوپسٹلزاور 4403 گولیاں برآمدکی گئیں۔منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران 825 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 08 کلو 565 گرام ہیروئن، 386 کلوگرام سے زائد چرس،01 کلو 302 گرام آئس، 45 کلو 740 گرام افیون اور 10023 بوتلیں شراب برآمدکی گئیں۔قمار بازی کے خلاف کارروائی کے دوران 569 ملزمان سے 08 لاکھ 93 ہزارروپے سے زائد رقم برآمدکی گئی۔قحبہ خانوں کے خلاف کارروائی کے دوران 199 ملزمان گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے۔چوری،دھوکادہی،چیک ڈس آنر امانت میں خیانت سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب 462 اشتہاری اور 522 عدالتی مجرمان کو گرفتارکیاگیا۔ ون ویلنگ، پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ،گداگری، پرائس کنٹرول،فارنر اور لاؤڈ سپیکرایکٹ کی خلاف ورزی پر 1166 ملزمان گرفتارکئے گئے۔