ٹیلی کمیونیکیشن سٹاف کی بہبود کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے،ایس ایس پی صادق علی ڈوگر

ٹیلی کمیونیکیشن سٹاف کی بہبود کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے،ایس ایس پی ...

  

 لاہور(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی (ٹیلی) پنجاب صادق علی ڈوگر نے کہا ہے کہ اچھی کارکردگی پر جزا پولیس ملازمین کا حق ہے۔ انعام کی رقم اتنی اہم نہیں ہوتی بلکہ اچھی کارکردگی کا اعتراف زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ راولپنڈی میں پنجاب پولیس شعبہ ٹیلی کمیونیکیشن کے افسروں اور جوانوں کے دربار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے حالات میں پولیس کا مواصلاتی نظام فعال رکھنا ٹیلی کمیونیکیشن سٹاف کی ذمہ داری ہے جو یہ احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے۔ ایس ایس پی (ٹیلی) نے دربار میں سٹاف کی ویلفیئر سے متعلق شکایات سنیں اور موقع پر ضروری احکامات جاری کئے۔ 

انہوں نے سٹاف کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور ان کے محکمانہ مسائل بھی سنے۔ صادق علی ڈوگر نے ہدایت کی کہ 15 ’پکار‘ پر موثر اور تیز رسپانس یقینی بنانے کے لئے ٹیلی کمیونیکیشن کا سٹاف پیشہ ورانہ انداز میں اپنا کام جاری رکھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ٹیلی کمیونیکیشن سٹاف کی بہبود کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ ایس ایس پی نے اس موقع پر اچھی کارکردگی پر پولیس افسروں اور جوانوں میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔

مزید :

علاقائی -