مطالبات تسلیم نہ ہو سکے: سرکاری ملازمین سڑکوں پر نکل آئے، حکومتی ایوانوں کے گھیراؤ کا اعلان 

مطالبات تسلیم نہ ہو سکے: سرکاری ملازمین سڑکوں پر نکل آئے، حکومتی ایوانوں کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر،جنرل رپورٹر) پنجاب بھر کی طرح لاہور میں اساتذہ، ایپکا، سرکاری ملازمین اور پروفیسرز کی تنظیموں پر مشتمل آل گونمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے زیر اہتمام سینکڑوں سرکاری ملازمین نے ٹاؤن ہا ل سے سول سیکرٹریٹ تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ریلی کی قیادت صوبائی چیئرمین سلطان مجددی نے کی سول سیکرٹریٹ کے سامنے سلطان مجددی، پروفیسر ندیم اشرفی، رانا لیاقت علی، محمد افضل، محمد فاضل، وحید مراد یوسفی، میاں سرور معراج، فیض احمد صدیقی، ناصر رحمت، طارق نیازی، چوہدری عقیل، ملک ممتاز کھوکھر، ملک اعجاز امین، حافظ مبشر، چوہدری محمد علی، جمیل آفتاب محمد، معصوم چوہدری، عبدالشکور و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ملازمین کش پالیسیاں ترک کرے اگر ملازمین کا معاشی استحصال بند نہ ہوا، مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں دو سو فیصد اضافہ  اور پے سکیل ریوائز نہ کئے گئے، ہاؤس رینٹ، میڈیکل، اور کنوینس الاؤنس میں سو فیصد اضافہ نہ کیا گیا، کنٹریکٹ ملازمین و اساتذہ کو غیر مشروط مستقل نہ کیا اور ان کی تاریخ تقرری سے پے و  سروس پروٹیکشن نہ دی گئی تو سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کا پہیہ جام کردیں گے۔ 9ستمبر کو گجرانوالہ،17 ستمبر کو فیصل آباد میں احتجاجی جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ  اکتوبر میں وزیر اعلی ہاؤس لاہور اور وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد کا گھیراؤ کیا جائے گا