فرانس کے صدر کا حالیہ بیان قابل مذمت ہے،نوید الحسن مشہدی
لاہور (پ ر)تحریک تحفظ اسلام انٹر نیشنل،جماعت جلالیہ پاکستان کے سر پرست اعلیٰ تنظیم المدارس پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین بھکھی شریف نے فرانسیسی صدر عمانویل ماکرون کے بیان”اگر مسلمانوں کو فرانس کی شہریت چاہیے تو انہیں مذہب کی توہین برداشت کرنی ہوگی“پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فرانس کے صدر کا یہ بیان بنیادی انسانی حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے حالانکہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں تمام مذاہب کی مقدس و محترم شخصیات کے احترام کو لازم قرار دیا گیاہے،فرانسیسی صد ر عمانویل کا یہ بیان تعصب اور مسلمانوں سے نفرت پر مبنی ہے۔پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین بھکھی شریف نے کہاکہ عالم کفر اپنے چہرے سے خود ہی نقاب نوچ کر پھینک رہا ہے۔
، کسی بھی جمہوری ملک کے ذمے دار عہدے دار سے ایسے بیان کی توقع نہیں کی جاسکتی جس سے اس کے ملک کے شہریوں کے باہمی تعلقات میں دراڑ آئے اور معاشرے میں باہمی کشیدگی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ فرانسیسی صدر کے اس بیان سے دُنیا بھر کے انسانوں میں نفرتوں کی خلیج بڑھے گی اور انسانیت مزید تقسیم در تقسیم ہو گی،مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان فاصلے بڑھنے سے عالمی امن کے لیے مزید خطرات پیدا ہو جائیں گے۔