افواج پاکستان سرحدو ں کا دفاع کرنا جانتی ہیں،یاسر ہمایوں 

افواج پاکستان سرحدو ں کا دفاع کرنا جانتی ہیں،یاسر ہمایوں 

  

  لاہور (پ ر) صوبائی وزیربرائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے اور ہماری افواج ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا بخوبی جانتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے ڈاکٹر نثار احمد آڈیٹوریم میں یوم دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ پاکستانی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور جو بھی ہمارے ملک کو میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 6ستمبر 1965کو جب بھارت نے پاکستانی قوم اور فوج کو للکارا تھا تو اس وقت بھی ہماری افواج نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو اسے آج تک اسے یاد ہے۔انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں ایسے ملک کی افواج کو شکست دینے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا اور پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن اور سلامتی کا خواہاں رہا ہے لیکن اگر کبھی ہم پر کسی قسم کی جنگ مسلط کی گئی تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔

انہوں  نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہے اور اس ضمن میں اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیرنے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کے سدھارنے کے لیے موجودہ حکومت یکساں نظام تعلیم کے ذریعے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔چیئر مین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز گزشتہ 33برسوں سے جدید اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ یونیک گروپ کے طلبا زندگی کے ہر شعبے میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اپنے طلبہ میں جذبہ مسابقت پیدا کرنے کے لیے انہیں دیگر اداروں کے طلبا کے ساتھ مقابلے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے جس سے ان میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خان نے کہا کہ نوجوانوں کی مثبت تعلیم و تربیت ہی ان کی ترقی کی ضامن ہے جس کے ذریعے وہ مستقبل میں ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی صحیح رہنمائی سے ہی عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور یہی نوجوان دنیا میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری،ایڈیشنل ڈائریکٹر اور جنرل مینیجر سائبر ایڈوانس سلوشنز ندیم عالم،پی ٹی آئی رہنما عفیف اشرف صدیقی،پیٹرن یونیک گروپ پروفیسر راشد مسعود کے علاوہ مہمانوں اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -