غریبوں کو ریلیف دینے میں حکومت ناکام،گوہر انقلابی

غریبوں کو ریلیف دینے میں حکومت ناکام،گوہر انقلابی

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری گوہر انقلابی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت غریب کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور آئے روز اشیا خورد و نوش کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ اس ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور بالخصوص خیبر پختونخوا میں ایک بڑی تعداد ایسے شہریوں کی ہے جو غریبی کے حالات میں سخت پریشانی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ بہ مشکل انکے گھر دو وقت کے کھانے کا انتظام ہو پاتا ہے، لیکن اب جو حالات مہنگائی اور بے روزگاری کے چل رہے ہیں ان میں وہ طبقہ بھی پریشان حال ہے جو کسی نہ کسی طریقے گھر کے کھانے پینے کا خرچ نکال لیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گوشت اور مرغی تو پہلے ہی غریب کی دسترس سے باہر تھے لیکن اب آٹے، چینی، دال، گھی اور چاول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس تبدیلی سے عاجز آچکے ہیں جس میں چوبیس گھنٹے بعد اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تندور پر ملنے والی روٹی جو دس روپے سے ڈبل قیمت کرتے ہوئے بیس روپے کردی گئی ہے وہ پہلے تو کھانے کے قابل نہیں ہوتی اور اگر کھا بھی لی جائے تو بھوک نہیں مٹائی جاسکتی، ایسے میں غریب کی کمر ٹوٹ چکی ہے جو کمانے میں پورا دن بھی نکال لے تو ایک وقت کا کھانہ بچوں کو فراہم نہیں کر سکتا۔ انکا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو فی الفور اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی بصورت دیگر جہاں ایک طرف جرائم کی شرح میں اضافہ ہوجائیگا وہاں لوگ سڑکوں پر نکل کر اپنا حق چھیننے کے لئے بھی تیار ہونگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -