پنجاب روز گار سکیم شروع کرنے کی منظوری، خواتین کیلئے مارک اپ کم رکھا گیا: عثمان بزدار

  پنجاب روز گار سکیم شروع کرنے کی منظوری، خواتین کیلئے مارک اپ کم رکھا گیا: ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں پنجاب روزگار سکیم شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے- وزیراعلیٰ عثمان بزدارکاکہناہے کہ پنجاب روز گار سکیم کے تحت 30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر فراہم کئے جائیں گے اوریہ سکیم سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اور کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کیلئے ممدو معاون ثابت ہو گی- سکیم کے تحت نئے کاروبار یا موجودہ کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا-سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرضہ لیا جا سکے گا- مرد اورخواتین کے ساتھ خواجہ سراء بھی قرضہ سکیم سے استفادہ کرسکیں گے-خواتین کے لئے مارک اپ کم رکھا گیا ہے - وزیر اعلی عثمان بزدارنے پنجاب روزگار سکیم کو رواں ماہ لانچ کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ کورونا کے باعث کاروبار متاثر ہوئے، اب ہم اس سکیم کے ذریعے بہت بڑا ریلیف دے رہے ہیں -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مارک اپ کو مزید کم کرنے کا جائزہ لیا جائے اور درخواست کو کم سے کم مدت میں پراسس کرنے کو یقینی بنایا جائے -انہوں نے کہاکہ سکیم میں دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں - آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی۔نوجوان نہ صرف ہنر سیکھیں گے بلکہ انہیں روزگار بھی ملے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے پنجاب روزگار سکیم کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی-وزیر اعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ پنجاب روزگار سکیم کے حوالے سے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے آن لائن پورٹل بھی تیار کر لیا ہے- آن لائن پورٹل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے -صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صنعت،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی- صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور بنک آف پنجاب کے صدر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے- سردار عثمان بزدار سے آج اسمبلی چیمبر میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ورکنگ ریلیشن شپ اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ق)اتحادی ہے اور ہم ملکر عوامی خدمت کرتے رہیں گے۔اتحادی جماعت سے ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط ہوا ہے۔2سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔سازشی عناصر صوبے کی ترقی کے مخالف ہیں۔اے پی سی کے نام سے نیا ڈرامہ بھی ناکام ہو گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ عوام کی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دینگے۔ صوبے کے عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے کیونکہ ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -