ملک بھرمیں یومِ بحریہ ملی جوش وجذبے سے منایاگیا

      ملک بھرمیں یومِ بحریہ ملی جوش وجذبے سے منایاگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھرمیں 8ستمبرکویومِ بحریہ ملی جوش وجذبے سے منایاگیا،اس دن کی مناسبت سے پاک بحریہ نے ڈاکیو منٹری ”سرخرو“ریلیز کر دی ہے،سال 1965 کی جنگِ میں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال آٹھ ستمبر یومِ بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن پاک بحریہ نے پاکستان کی بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔1965کی جنگ میں بری اورفضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن 8ستمبرکا دن پاک بحریہ کے نام رہا، آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر جو لرزہ طاری کیا، اسی کی یاد میں 8ستمبر کو پاک بحریہ کا دن منایا جاتا ہے۔طیارہ بردارجہاز نہ ہونے کے باوجود پاک بحریہ نے بھی اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی، پاکستان کی واحد آبدوزغازی نے اپنے نام کی لاج رکھی اورغازی رہ کر وہ کارنامہ انجام دیا کہ دنیا اس پر حیران ہوئی، غازی آبدوز نے تن تنہا بھارتی بیڑے کو عالمی سمندر میں پیش قدمی سے روکے رکھا۔معرکہ دوارکامیں پا ک بحریہ کے جہازوں نے کموڈور ایس ایم انور کی زیر قیادت دشمن کے چھکے چھڑا دیئے، 7اور 8ستمبر کی درمیانی شب کیے گئے حملوں سے دشمن کے اوسان خطا ہوگئے، یہی وجہ ہے کہ بھارت آج تک 1965 کی جنگ کے بعد بحری محاذ پر کسی کارروائی کی جرت نہیں کرسکا۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہدا اورغازیوں کی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کا دن ہے، یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے، آپریشن دوار کا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے، پاک بحریہ نے بھارتی بندرگاہ دوار کا پر حملہ کر کے ریڈار سٹیشن تباہ، دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔نیول چیف  نے کہاکہ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران پوری بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہوں میں مقید رکھا، آج پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر عالمی پانیوں میں امن و استحکام یقینی بنا رہی ہے، سی پیک کے تناظر میں پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں میں اہم کردار نبھانے کیلے تیار ہے۔

مزید :

صفحہ اول -