کراچی پیکیج پر شفاف عملدرآمد یقینی بنایا جائے، محمد اکرم رانا 

 کراچی پیکیج پر شفاف عملدرآمد یقینی بنایا جائے، محمد اکرم رانا 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیکسٹائل پلازہ اونر ایسوسی ایشن کے صدر محمد اکرم رانا نے کہا ہے کہ کراچی پیکیج پر شفاف عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ تباہ حال سڑکوں کی تعمیر کیلئے بہترین مٹریل، نالوں کی صفائی کے بعد دوبارہ انکروچمنٹ کے سدباب، شہر بھر میں سوریج سسٹم اپ گریڈ ہونا چاہئے۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی بھی شدید کمی ہے جس کے باعث شہری اپنی جان خطرے میں ڈال کر چنگ چی رکشہ میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے لیے عالمی معیار کے مطابق جدید بسوں کی فراہمی ممکن ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حب ڈیم مکمل بھر جانے کے باوجود شہر میں مصنوعی پانی کی قلت ہے جس کی بنیادی وجہ ٹینکر مافیا ہے۔ واٹر بورڈ کا عملہ ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے شہر میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرتا ہے جس کے باعث شہری مہنگے داموں ٹینکر مافیا سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کیلئے جدید مانٹرنگ سسٹم یقینی بنایا جائے جبکہ کے فورکا منصوبہ بھی جلد مکمل کیا جائے۔ سرکلر ریلوے کا منصوبہ جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔ گرین لائن منصوبہ عرصہ دراز سے تعطل کا شکار ہے جس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ محمد اکرم رانا نے مزید کہا کہ بارش اور کورونا سے متاثرہ تاجروں کیلئے بھی وزیر اعظم عمران خان فوری طور پر خصوصی پیکیج کا اعلان کریں۔ تاجر شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ 

مزید :

صفحہ آخر -