سعودی عرب میں چوتھی فالکن فٹبال سپر لیگ کا آغاز ہوگیا

سعودی عرب میں چوتھی فالکن فٹبال سپر لیگ کا آغاز ہوگیا
سعودی عرب میں چوتھی فالکن فٹبال سپر لیگ کا آغاز ہوگیا

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں چوتھی فالکن فٹبال سپر لیگ کا آغاز ہوگیا جس میں مجموعی طور پر 16 مختلف ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ٹورنامنٹ دو ماہ جاری رہے گا جبکہ فائنل نومبر کے شروع میں کھیلا جائے گا. 

سعودی دارالحکومت ریاض میں فالکن کلب کی جانب سے چوتھی فٹبال سپر لیگ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں کمیونٹی ممبران کے علاوہ فٹبال ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی. 

اس موقع پر ٹورنامنٹ کے آرگنائزر فرحان احمد نے بتایا کہ فٹبال سپر لیگ میں عرب ممالک کے کھلاڑیوں پر مشتمل آٹھ ٹیمیں عرب ڈویژن کے طور پر شرکت کر رہی ہیں جبکہ آٹھ ہی ٹیمیں ایشیائی ممالک کے کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں جو ایشین ڈویژن کے طور پر میدان میں اتریں گی، دو ماہ میچز جاری رہیں گے جبکہ اسکا فائنل میچ نومبر کے پہلے ہفتے میں کھیلا جائے گا. 

فرحان احمد نے بتایا کہ کورونا وائرس سے جہاں دیگر معاملات زندگی متاثر ہوئے وہیں پر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں مگر جیسے ہی کورونا وائرس میں کمی ہوئی ہے اور سعودی گورنمنٹ کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے ہم نے سپر لیگ کا آغاز کیا ہے تاکہ کھلاڑی اپنا کھیل جاری رکھ سکیں اور کھیلوں کی جانب دوبارہ راغب ہوسکیں. 

فالکن کلب کے چئیرمین حنیف بابر نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ اب عرب فٹبال کھلاڑیوں کے ساتھ ایشیائی ممالک کے فٹبالرز بھی اپنے کھیل کو بہتر بنائیں گے، ہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان کے مشکور ہیں جنھوں نے غیر ملکی نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کے لئے سہولیات فراہم کی ہیں. 

ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کی جانب سے بھی سپر لیگ کے انعقاد کو سراہا گیا ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان کے کھیل پر برا اثر پڑا ہے مگر اب کھیل کے میدان دوبارہ بحال ہو رہے ہیں جس سے کھلاڑی اپنی فٹنس پر توجہ دے پائیں گے اور کھیل میں انکی واپسی ممکن ہو پائے گی اور سپر لیگ اس حوالے سے ان کے اندر جوش اور جذبہ ابھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی. 

مزید :

کھیل -