عالمی وباءکے دنوں میں دنیا بھر کے بورڈز سٹاف یا تنخواہوں میں کمی مگر پی سی بی کی شاہ خرچیاں جاری، حیران کن تفصیلات سامنے آ گئیں

عالمی وباءکے دنوں میں دنیا بھر کے بورڈز سٹاف یا تنخواہوں میں کمی مگر پی سی بی ...
عالمی وباءکے دنوں میں دنیا بھر کے بورڈز سٹاف یا تنخواہوں میں کمی مگر پی سی بی کی شاہ خرچیاں جاری، حیران کن تفصیلات سامنے آ گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی وباءکے دنوں میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی شاہ خرچیاں جاری ہیں جبکہ دنیا بھر کے بورڈز سٹاف یا تنخواہوں میں کمی کر رہے ہیں، پی سی بی کے کئی ملازمین کا پروموشن کر دیا گیا اور گریڈز کیساتھ ساتھ تنخواہیں بھی بڑھا دی گئیں۔ 
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے دنیا بھر کو بری طرح متاثر کیا اور کرکٹ کا بھی اس پر گہرا اثر پڑا،اسی وجہ سے آسٹریلیا اور انگلینڈ سمیت کئی بورڈز نے اپنے سٹاف اور تنخواہوں میں کمی کر دی لیکن پی سی بی نے اس حوالے سے کوئی دور اندیشی نہیں دکھائی، گوکہ فی الحال تو مالی مسائل درپیش نہیں لیکن سپانسر شپ رقوم میں کمی، آئی سی سی سے شیئر میں تاخیر اور میڈیا رائٹس معاہدے میں ممکنہ مشکلات کے سبب اسے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے البتہ حکام نے اس کے باوجود شاہ خرچیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل خاموشی سے کئی ملازمین کا پروموشن ہو گیا اور ان کے گریڈز اور تنخواہوں میں بھی اضافہ کیاگیا ہے، شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ سمیت ایچ آر اور فنانس ڈیپارٹمنٹس میں بھی بعض آفیشلز کی ترقیاں ہوئی ہیں، ان دنوں ملک میں کرکٹ نہیں ہو رہی اس کے باوجود ہائی پرفارمنس سینٹر کیلئے بھی بھاری تنخواہوں پر تقرریاں کی گئی ہیں اور ان سب کی تنخواہوں پر بورڈ کی بھاری رقم خرچ ہو گی۔
بعض سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے بارے میں تو عام تاثر یہی ہے کہ انہیں میڈیا میں سخت باتیں کرنے سے روکنے کیلئے ذمہ داری سونپی گئی، دوسری جانب چند ماہ قبل سروسز قوانین میں بھی تبدیلی کر دی گئی اور گورننگ بورڈ سے اس کی منظوری بھی لے لی گئی تھی۔ اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے بعض آفیشلز کو ترقی دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ معمول کی بات اور ایسا ہوتا رہتا ہے۔

مزید :

کھیل -