ایم کیو ایم کو کراچی کی ترقی اور خوشحالی ایک آنکھ نہیں بھاتی، جب بھی کچھ اچھا ۔۔۔۔پیپلز پارٹی بھی کھل کر میدان میں آگئی

 ایم کیو ایم کو کراچی کی ترقی اور خوشحالی ایک آنکھ نہیں بھاتی، جب بھی کچھ ...
 ایم کیو ایم کو کراچی کی ترقی اور خوشحالی ایک آنکھ نہیں بھاتی، جب بھی کچھ اچھا ۔۔۔۔پیپلز پارٹی بھی کھل کر میدان میں آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو کراچی کی ترقی اور خوشحالی ایک آنکھ نہیں بھاتی،  جب بھی کراچی شہر کے لے کچھ اچھا ہورہا ہوتا ہے، ایم کیو ایم اس پر اپنی میلی نظر ڈالنے لگتی ہے،ایم کیو ایم کے پیٹ میں درد اس لئے ہورہا کہ یہ 11 سو ارب کا کراچی پیکج سابق میئر کے خزانے میں کیوں نہیں گیا؟۔

ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ  ایم کیو ایم جس کراچی پیکج کی مخالفت کررہی یہ اسی کوارڈینشن کمیٹی کے تحت ہے جس میں ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر اسکے رکن ہیں اور اس پیکج کو وزیر اعلی سندھ لیڈ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پیٹ میں درد اس لئے ہورہا کہ یہ 11 سو ارب کا کراچی پیکج سابق میئر کے خزانے میں کیوں نہیں گیا تاکہ اسکا حشر بھی اسی 50 ارب کی طرح ہوجاتا جو سندھ حکومت نے کے ایم سی کو گزشتہ 4 سالوں میں دیئے لیکن کراچی میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کروائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی الیکشن نزدیک ہوتا ہے ایم کیو ایم لسانی سیاست کو ہوا دینے لگتی ہے لیکن اب کراچی کے باشعور شہری ایم کیو ایم کے کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے، اب وہ اچھی طرح سے سمجھ گئے ہیں کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ 36 سالوں میں کراچی شہر کو تباہ و برباد کرنے میں جو کارنامے انجام دیے ہیں وہ کھلی کتاب کی طرح عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکج کو وزیر اعلی سندھ لیڈ کریں گے،اس پیکج کے ذریعے جس میں سندھ حکومت کا حصہ 70 فیصد ہے کراچی کو شاندار ترقی سے ہمکنار کیا جائے گا اور عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔