ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی سُپر ہٹ کامیڈی ہارر فلم ‘استری 2′ نے باکس آفس پرکمائی کی دوڑ میں سپر سٹار پرابھاس کی فلم ‘باہو بلی 2′ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 15اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ‘استری 2′ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن سے ہی باکس آفس پر دھوم مچائی ہے، دُنیا بھر سے کروڑوں کا بزنس کرنے والی اس فلم نے حال ہی میں ایک اور بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی ‘استری 2′ نے بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کرتے ہوئے پرابھاس کی بلاک بسٹر فلم ‘باہو بلی 2′ کو شکست دے دی ہے، صرف یہی نہیں ‘استری 2′ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تیسری ہندی فلم بھی بن گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘استری 2′ نے باکس آفس پر اپنے پہلے 24 دنوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 516.25 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا جبکہ ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے اسٹار پرابھاس کی فلم ‘باہوبلی 2′ نے اپنی ریلیز کے ابتدائی 24 دنوں میں 510.99 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔
امر کوشک کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘استری 2′ اپنی ریلیز کے 22ویں دن 500 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی تھی، اس کے ساتھ ہی شردھا کپور کی یہ فلم بالی ووڈ کنگ شاہ رُخ خان کی فلم ‘جوان’ کے بعد 500 کروڑ کے کلب میں سب سے تیزی سے داخل ہونے والی دوسری ہندی فلم بھی بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ شردھا کپور اور راج کمار راؤ کے علاوہ، فلم کی دیگر کاسٹ میں ابھیشیک بنرجی، اپارشکتی کھرانہ اور پنکج ترپاٹھی بھی شامل ہیں جبکہ ورون دھون، اکشے کمار اور تمنا بھاٹیہ نے فلم میں مہمان اداکار کے طور پر شرکت کی۔