4 بھائیوں کی بازیابی کا کیس: پشاور ہائیکورٹ کا ایس ایچ او کو شامل تفتیش کرنے کا حکم

4 بھائیوں کی بازیابی کا کیس: پشاور ہائیکورٹ کا ایس ایچ او کو شامل تفتیش کرنے ...
4 بھائیوں کی بازیابی کا کیس: پشاور ہائیکورٹ کا ایس ایچ او کو شامل تفتیش کرنے کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور ہائیکورٹ نے حیات آباد سے لاپتہ 4 بھائیوں کی بازیابی کے کیس میں سٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور نے حیات آباد سے لاپتہ 4 بھائیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر وفاقی سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے ملک میں آزاد ادارے کوئی نہیں ہیں، نادرا نے آنکھیں بند کی ہیں، چیف جسٹس نےاغوا میں ملوث پولیس اہلکارکی شناخت کے بعد کیس دوسری عدالت منتقل کیا۔

جسٹس اعجاز انور نے مزید ریمارکس دیئے پولیس کو آزاد کروائیں پولیس آزاد نہیں ہوگی تو حالات بہتر نہیں ہوں گے، پولیس کو ان پاورکریں تاکہ وہ کسی کے اشاروں پر نہ چلے، ہمارے سامنے تو لوگ رونے لگتے ہیں، عدالت کیا کرے؟ تفتیش مکمل نہیں ہوئی تین مہینے ہوچکے ہیں۔

اس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ثنا اللہ نے عدالت کو بتایا کہ الکوزی برادرز کا ایک بھائی ملوث ہے اسے گرفتار کیا جائے، جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ جس تھانے کی حدود میں کیس ہوا اس ایس ایچ او کو جے آئی ٹی نے شامل تفتیش نہیں کیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے حیات آباد تھانے کے ایس ایچ او نے انکار کیا کہ انہیں علم نہیں ہے، جس پر وکیل درخواست گزار ناردہ شاہ کا کہنا تھا سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایس ایچ او کی گاڑی کو دیکھا جاسکتا ہے۔

 جسٹس اعجاز انور نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا آپ نے ایس ایچ او سے تفتیش کی ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مجھے جو دو ویڈیوز دی گئی ہیں، اس میں یہ گاڑی نہیں دیکھی۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور نے تفتیشی افسر کو ایس ایچ او کو تفتیش میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔