پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر اور ہلال امتیاز محمود بھٹی کی جان کو خطرہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر اور ہلال امتیاز محمود بھٹی نے کہا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
لاہور کی سول کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود بھٹی نے کہا کہ ان کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے اور وہ تین سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وہی ہوں گے جنہوں نے ان کے خلاف کیس کئے ہیں۔
لاہور کی سول کورٹ میں جج محمد وسیم نے فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کی زمین پر قبضے کے خلاف کیس کی سماعت کی اور محمود بھٹی نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر اپنی حاضری مکمل کروائی۔
وکیل محمود بھٹی نے کہا کہ یہ دو بھائیوں کے درمیان ایک زمین کا تنازعہ ہے جبکہ محمود بھٹی نے موقف اختیار کیا کہ اس زمین پر انہوں نے یتیم خانہ اور قبرستان بنانا ہے ۔
جج محمد وسیم نے سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی ہے جبکہ دوسری جانب سیشن عدالت کے جج فرحان نبی نے محمود بھٹی کے خلاف ہتک عزت کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر منیر بھٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کردی اور سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔