سینیٹر فیصل واوڈا نےارشد شریف کے قتل ، علی امین گنڈا پور اور فیض حمید سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کر دیئے
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید تہلکہ خیز انکشافات کر دیئے ہیں ۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ اینکر پرسن اور صحافی ارشد شریف کے قتل سے پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو معلوم تھا کہ کچھ بڑا ہونے جارہا ہے۔علی امین گنڈا پور کے بطور وزیر اعلیٰ دن گنے جا چکے ہیں ، جنرل (ر ) فیض حمید سب کچھ لکھ کر دیں گے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام" کیپیٹل ٹاک" میں حامد میر سے بات کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل سے پہلے عمران خان کو معلوم تھا کہ کچھ بڑا ہونے جا رہا ہے۔
"جیو نیوز " کے مطابق اس حوالے سے فیصل واوڈا نے عمران خان کی ایک آڈیو کلپ پروگرام میں چلوانے کےلیے حامد میر کو بھیجی ہے جس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں احتجاج کا 30 اکتوبر کو یا پھر اتوار کو اعلان کروں گا۔آڈیو میں عمران خان بظاہر یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں احتجاج اور اپنے لانگ مارچ کو آپس میں کنفیوز نہیں کرنا، ہم نے بڑی احتیاط سے پلاننگ کی ہوئی ہے، ہمارے پاس اگلے اتوار تک کا وقت ہے، اس کے قریب ایک احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جس اتوار کا ذکر کر رہے ہیں وہ اتوار 23 اکتوبر 2022 کو آیا تھا اور اس اتوار کینیا میں صحافی ارشد شریف کو قتل کر دیا گیا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور کے بیان کے بعد اب پی ٹی آئی کے پاس راہ فرار نہیں، 9 مئی انہوں نے ہی کیا ہے، یہی مائنڈ سیٹ ہے، اس بیان کے بعد بانی کی زندگی کی ذمے داری علی امین گنڈا پور پر ہے۔ اصل میں گنڈاپور پکڑے گئے ہیں فیض کے ساتھ کمیونیکیشن میں، جنرل (ر) فیض کو پتہ ہے ان کے وزیراعلیٰ کے دن گنے جا چکے ہیں، وہ اور اس کا بھائی جو کرپشن کر رہے ہیں دنیا کو پتہ ہے، الیکشن کمیشن کے پاس ان کے اثاثوں کے معاملے پر نا اہلی بنتی ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا کے جمہوریت کے پہیے کی طرف آنے سے آپ سیاسی یتیم ہوگئے، مولانا جمہوریت، پاکستان اور اقتدار سب ساتھ چلتے ہیں، میں نے کہا تھا گرفتاری کے بعد بانی پی ٹی آئی اور فیض ایک دوسرے کی اصلیت بتائیں گے، فیض حمید اتنے طاقتور اس لیے ہوئے کہ وزیراعظم ان کے ساتھ نتھی ہوگئے۔ فیض حمید سب کچھ لکھ کر دیں گے، فیض حمید کو کورٹ مارشل کیساتھ ساتھ سزا بھی ہوگی، فیض حمید نے میری وزارت کے دوران ایک بندا پکڑ لیا تھا، میں نے فیض حمید کو جا کر کہا تھا سر میرا بندا واپس کردیں، فیض حمید نے کہا کہ اس معاملے سے دور رہو، میں نے فیض حمید سے کہا آپ کے خلاف پریس کانفرنس کروں گا، فیض حمید میری شکل دیکھ رہے تھے کیوں کہ میں وزیراعظم کا لاڈلہ تھا، میں نے وزیراعظم کو کہا میں یہ کرنے جا رہا ہوں انہوں نے کہا کیا ہوگیا تمہیں؟
سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ فیض حمید کی فرمائشوں کی وجہ سے میں 2 بار نا اہل ہوا، فیض حمید کو وزیر اعظم کی آشیر باد مل گئی تو انہوں نے سب کو سائیڈ پر کر دیا۔