سینٹری لینڈ فل سائٹ پر شجرکاری مہم کا آغاز،خواجہ حسان نے پودا لگا یا

سینٹری لینڈ فل سائٹ پر شجرکاری مہم کا آغاز،خواجہ حسان نے پودا لگا یا

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے کوڑا کرکٹ کو جدید سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے تیار کی جانے والی سینٹری لینڈ فل سائٹ پر شجرکاری کی مہم کا آغاز چیئرمین ایل ڈبلیو این سی خواجہ احمد حسان نے پودا لگا کر کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ احمد حسان نے کہا کہ یہ سینٹری لینڈ فل سائٹ پاکستان کی پہلی جدید و ماحول دوست جب کے ہمارے خطے میں موجود ممالک سے بھی دو قدم آگے سائنسی انداز میں تیار کی جانے والی سائٹ ہے۔ جو کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے سبز پنجاب کے ویژن کامنہ بولتاثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی بصیرت کے مطابق اس سائٹ پر ویسٹ ٹو انرجی ، ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ ، ویسٹ ری سائیکلنگ اور آرڈی ایف کے پلانٹ لگائے جائیں گے۔ ابھی بھی ایک ہزار ٹن ویسٹ سیمٹ فیکٹری میں استعمال ہورہاہے جبکہ مزید سیمٹ فیکٹریز گروپ بھی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سائٹ پر آج تقریباً 7ہزار پودے جبکہ کل ایک لاکھ پودے لگا کر گردنواح میں صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا کر شہریوں کو صاف ستھرے معاشرے کی تشکیل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے احسن اقدامات میں شریک کرنا ہے۔ خواجہ احمد حسان نے اس تقریب میں ترک حکومت کے تعاون کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ سینٹری لینڈ فل سائٹ لکھو ڈیر کا منصوبہ بھی ترک انجینئرز کی زیر نگرانی مکمل کیا جارہاہے جس کے دو سیل تقریباً مکمل ہوچکے ہیں ۔ تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ملک پرویز مہر اشتیاق ، چوہدری شہباز احمد ، وحید گل، ایم ڈی وسیم اجمل چوہدری ، کارٹونسٹ جاوید اقبال، تجزیہ کار افتخار احمد و نجم ولی خان،ترک انجینئرز اور سکولوں کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ چیئرمین خواجہ احمد حسان نے طلبا و طالبات کے جوش و خروش اور لگن کو اس سائٹ پر شجر کاری مہم کی کامیابی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ درختوں کی اتنی بڑی تعداد آلودگی کے ساتھ ساتھ بدبو پر بھی قابو پانے پر مدد دے گی۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ بتدریج محمود بوٹی میں موجود ڈمپنگ سائٹ کو ختم کر کے مکمل طور پر اس سائٹ کو استعمال کیا جائے جبکہ محمود بوٹی ویسٹ سائٹ پر لاہور کا خوبصورت ترین پارک تعمیر کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...