پاکستان مسلم لیگ سینیٹ میں تحفظ پاکستان بل کی مخالفت کرے گی: چودھری شجاعت حسین
لاہور (پ ر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی و سیاسی صورتحال اور باہمی امور پر گفتگو کے علاوہ تحفظ پاکستان بل پر بھی بات چیت ہوئی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل قومی اسمبلی میں تو منظور ہو گیا ہے لیکن ہماری جماعت سینیٹ میں اس کی مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل غیر انسانی شقوں پر مبنی ہے جس میں ایسے اختیارات دئیے گئے ہیں کہ جس کو چاہے گولی مار دی جائے، بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو بغیر کسی انکوائری کے 90 دن تک حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہماری جماعت سینیٹ میں اس بل کی مخالفت کرے گی اور اس پر متبادل تجاویز پیش کرے گی۔#