تحفظ پاکستان آرڈیننس سکیورٹی ایجنسیوں کو لاشیںپھینکنے کا لائسنس ہے ،فرحت اللہ بابر
اسلام آ با د (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحفظِ پاکستان آرڈیننس پاکستان کو عسکریت پسندوں سے تحفظ دینے کے لئے نہیں بلکہ یہ سکیورٹی ایجنسیوں کو اس بات کا لائسنس ہے کہ وہ جسے چاہے اغوا کرے اور اس کے بعد اس کی لاش کہیں بھی پھینک دے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں نے جب یہ محسوس کیا کہ ان سے عدالتوں اور پارلیمنٹ میں زبردستی غائب کئے جانے والوں کے لئے سوالات کئے جا رہے ہیں تو انہوں نے اپنی رکاوٹ کو اس قانون کے تحت دور کرنے کا طریقہ اپنایا ہے لیکن سینیٹ میں اس کی سخت مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آرڈیننس نہ صرف یہ کہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ مختلف عالمی معاہدوں کے خلاف اعلانِ جنگ بھی ہے۔