گاڑیاں چراکر علاقہ غیر میں بیچنے والے زبیری گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار
لا ہو ر (کرا ئم سیل )اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف صدر ڈویژن نے مارکیٹوں ،شاپنگ سنٹرز اور شہر کے مختلف رہائشی علاقوں سے گاڑیاں چوری کر کے علاقہ غیراور دوسرے اضلاع میں لے جا کر بیچنے والے زبیری کار چور گینگ کے سرغنہ سمیت 2ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے84 لاکھ روپے مالیت کی13 چوری شدہ گاڑیاں برآمد کرلی ہیں۔ تفصیلا ت کے مطابق انویسٹی گیشن کی سپیشل پولیس ٹیمیں ڈاکوؤں ، چوروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔ ایس پی سی آر او مصطفی حمید ملک نے انچارج انٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف صدرڈویژن میاں ثاقب محمود کی سربراہی میں سب انسپکٹر محمد عباس اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کا رچوری کی سنگین وارداتوں میں ملوث زبیری کار چور گینگ کے سرغنہ زبیر عرف زبیری اور اس کے ساتھی اسد رضا کو گرفتار کرکے ان سے مسروقہ 84 لاکھ روپے مالیت کی 3 ٹویوٹا کرولا، 2 ہنڈا، 3 مہران،1 کورے،1 سوزوکی پک اپ 1خیبر،1 کیری ڈبہ اور 1 سنی نسان کار برآمد کی ہیں۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے ہنجروال، لیاقت آباد، مزنگ ، جوہر ٹاؤن، ریس کورس،گلشن اقبال، اسلامپورہ، گلشن راوی ، شاہدرہ، ٹاؤن شپ، نشتر کالونی، گوالمنڈی اور گارڈن ٹاؤن کے رہائشی اور کمرشل علاقوں سے 13 کار چوری کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔ملزمان کئی شہریوں کو یہ گاڑیاں بنکوں کی لیز شدہ ہونے کا کہہ کر فروخت کر چکے ہیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار حمید نے کار چور گینگ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیاہے۔