دودھ کے بحران پر قابوپانے کیلئے سندھ نے سمیڈا سے مدد مانگ لی

دودھ کے بحران پر قابوپانے کیلئے سندھ نے سمیڈا سے مدد مانگ لی

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبہ سندھ کی ڈیری فارمنگ انڈسٹری نے دودھ کے بحران پر قابو پانے کیلئے وفاقی ادارے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سمیڈا ‘ سے مدد مانگ لی ہے۔اس ضمن میں ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن، سندھ کے ایک چھ رکنی وفد نے اپنی ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر کی قیادت میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیر ایوب خان سے سمیڈا کے صدر دفتر میں ملاقات کی اور انہیں صوبہ سندھ میں دودھ کی قلت کے بڑھتے ہوئے بحران کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ہمراہ بزنس اینڈ سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈویژن کے جنرل مینیجر اشفاق احمد، مینیجر ڈیریز عدنان علی اور سنٹرل سپورٹ دویژن کے جنرل مینیجر فواد ہاشم ربانی بھی موجو د تھے۔وفد کے قائد نے شیر ایوب خان کو بتا یا کہ گرمیوں کے موسم کی انہتا پر صوبہ سندھ کے ڈیر ی فارمز پر دودھ کی پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ مگر اس بار گرمیوں کے آغاز ہی میں دودھ کی پیدوار بے حد کم ہو گئی ہے جبکہ عدالت نے دودھ بڑھانے والے مصنوعی طریقوں پر پابندی بھی عائد کر دی ہے ۔ ان حالات میں کراچی جیسے کیپٹل شہروں میں دودھ کی شدید قلت ہو گئی ہے۔ لہٰذاہ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلے کے تدارک کیلئے سمیڈا کے علم اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں اور جس طرح سمیڈا نے صوبہ پنجاب میں ماحو ل دوست ماڈرن شیڈز تشکیل دے کر گرمیوں میں دودھ کی کم پیداوار کے مسئلے کو حل کیا ہے ۔ اسی طرح صوبہ سندھ کے ڈیر ی فارموں کو بھی سمیڈا کی مدد درکار ہے۔ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیرایوب خان نے اس موقع پرسندھ میں ڈیری فارموں کی اپ گریڈیشن کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور فوری طور پر سمیڈا کراچی کے پراونشل چیف مکیش کمار کو ہدایات جاری کیں کہ وہ سندھ کی ڈیری انڈسٹری کی بحالی کیلئے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن ، سندھ اور سمیڈا ہیڈ آفس کے درمیان فعال پل کا کردار انجام دیں۔ دریں اثناء انہوں نے سمیڈا کے مینیجر ڈیریز عدنان علی کو صوبہ سندھ میں ماحول دوست ڈیری شیڈز کے قیام کیلئے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دینے کو کہا اور حکم دیا کہ اس ضمن میں بلا تاخیر عملی کام شروع کر دیا جائے۔بعد ازاں، کراچی کے ڈیری فارمز کے وفد کو گوجرانوالہ کے قریب سمیڈا کے زیر انتظام تشکیل دیئے گئے ماحول دوست ماڈرن ڈیری فارمز ’’چیمہ ڈیریز ‘‘ کا دورہ بھی کرایا گیا، جہاں چیمہ ڈیریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جمال ناصر چیمہ نے وفد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔اس موقع پر وفد کے ارکان نے سمیڈا کے متعارف کردہ طریقوں اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کی بے حد تعریف کی اور عزم کیا کہ وہ بھی اپنے فارمز پر یہ طریقے نافذ کرنے میں سمیڈا کی رہنمائی سے بھرپور استفادہ کریں گے۔

مزید : کامرس