نظام مصطفی کانفرنس کی کامیابی کے بعد تحریک لبیک کے قائدین کی داتا دربار حاضری

نظام مصطفی کانفرنس کی کامیابی کے بعد تحریک لبیک کے قائدین کی داتا دربار حاضری

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)تاریخ ساز انٹرنیشنل نظامِ مصطفیٰ ﷺ کی تاریخی کامیابی پر شکرانے کے نوافل ادا کرنے کے لیے تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺکے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے دیگر قائدین اورکارکنان کے ہمراہ حضرت سیدنا داتا گنج بخش ہجویری کے دربار پر حاضری دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاانٹر نیشنل نظامِ مصطفیﷺ کانفرنس کی تاریخی کامیابی سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔مینارِ پاکستان پر موجزن جذبات کے سمندر سے امریکہ نواز حکمران ہی نہیں خود امریکہ بھی حیرت زدہ ہو گیا ہے۔ دہشت گردی کی دھمکیوں ،شدید ترین رکاوٹوں اور گہری سازشوں کے باوجود اتنے بڑے پیمانے پر کانفرنس کا انعقاد محض فضلِ خداوندی ہے۔ سرکارِ مدینہ ﷺ کی عنایت سے نظریے کی صداقت اور کارکنوں کی محنت رنگ لے آئی ہے۔انہوں نے کہا:رانا ثناء اللہ کی عقیدہ ختم نبوت کے خلاف ہرزہ سرائی کی وجہ سے آنے والے الیکشن میں مسلم لیگ نون کے خلاف عوامی جذبات کو ٹھنڈا کرنے کے لئے رانا ثناء اللہ کو علماء کی کمیٹی کے سامنے پیش کرنے اور اسے وضاحت کا موقع دینے کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے ۔جبکہ وہ پہلے کئی بار وضاحت کے نام پر عقیدہ ختم نبوت سے غداری پر پردہ ڈالنے کا ڈھونگ رچا چکا ہے ۔اس کے کفریات اور آئین سے اس کی غداری قوم پر بالکل واضح ہو چکی ہے ۔علماء رانا ثناء کے لئے پھر وضاحتوں کا دروازہ کھول کر حکومتی سازشوں کا حصہ نہ بنیں بلکہ اس گھناؤنے جرم پر اس کی برطرفی اور آئین سے اس کی بغاوت پر کیس چلانے کا مطالبہ کریں ۔اس موقع پر پیر محمداقبال ہمدمی ،مولانا محمد صدیق مصحفی جلالی ،مولانا محمد مرتضی علی ہاشمی ،مولانا فیاض قادری ،مولانا فرمان علی جلالی ،مولانا محمد زاہد محمود قادری ،مولانا محمد عبدالکریم جلالی ،مولانافیاض وٹو ودیگر نے شرکت کی ۔

اشرف جلالی

مزید : میٹروپولیٹن 1