بھارت نے بورڈ میٹنگ کیلئے پی سی بی عہدیداروں کو ویزے جاری کردئیے

بھارت نے بورڈ میٹنگ کیلئے پی سی بی عہدیداروں کو ویزے جاری کردئیے

اسلام آباد(آئی این پی) بھارتی حکومت نے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو ویزے جاری کردئیے ۔ چیئرمین نجم سیٹھی نے ملائیشیا روانگی سے قبل میڈیا کو بتایا کہ انہیں اور سبحان احمد کو بھارت کے ویزے مل گئے ہیں اور وہ 22 اپریل کو کولکتہ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔نجم سیٹھی آئی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی کہانیوں پر بات نہیں کروں گا میں آئی سی سی کا ڈائریکٹر ہوں اور مجھے ویزے کا اجرا آئی سی سی کی ذمے داری تھی اور یہ مسلہ خوش اسلوبی سے حل ہوگیا ہے۔ کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کا کامیاب انعقاد یقینی طور پر اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔ ہم نے آئی سی سی کو درخواست دے رکھی ہے کہ پاکستان آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ آئی سی سی کا سالانہ اجلاس آئرلینڈ میں جون میں ہوگا جس کے بعد اکتوبر میں آئی سی سی کا ایک اور اجلاس ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔ اس بات کے امکانات ہیں کہ آئندہ سال آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی میزبانی پاکستان کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جب ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے سربراہ پاکستان آئیں گے تو اس میٹنگ سے پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا انہیں درست اندازہ ہوسکے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی