پاکستان اور افغانستان کے بہتر تعلقات میں روس کردار ادا کر سکتا ہے : حامد کرزئی

پاکستان اور افغانستان کے بہتر تعلقات میں روس کردار ادا کر سکتا ہے : حامد ...

کابل/ماسکو(آئی این پی) سابق افغان صدر حامد کرزئی نے امریکہ کو دھوکے باز اور افغان عوام کا قاتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس پاکستان اور افغانستان کے مابین بہتر تعلقات میں کردار ادا کر سکتا ہے، امریکہ نے جنگ کی آڑ میں افغانستان میں القاعدہ کو پروان چڑھایا، برطانیہ پہلے ہی افغانوں کے ہاتھوں شکست خوردہ ملک ہے۔ سابق افغان صدر حامد کرزئی نے روسی ٹی وی کو انٹرویو میں کہاکہ اگر روس پاکستان اور افغانستان کے ساتھ نئے تعلقات ہموار کرتا ہے تو اس صورت میں ماسکوافغانستان کی مدد کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ ہماری مدد نہیں کرسکتا کیونکہ انہیں تو ہم پہلے ہی کئی بار شکست دے چکے ہیں جبکہ امریکہ گزشتہ 17 برسوں سے ہمیں مارر رہا ہے، امریکہ نے ایک بار پھر سب کو دھوکا دیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف یہ کیسی جنگ ہے کہ طالبان کے پاس اس وقت پہلے سے زیادہ اسلحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ روس ہی وہ واحد قوت ہے جس کی مدد سے ہم دہشت گرددوں کو شکست دے سکتے ہیں۔سابق افغان صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ جھوٹ بولتا ہے کہ روسی حملے کے نتیجے میں افغانستان میں القاعدہ کا قیام عمل میں آیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ نے جنگ کی آڑ میں القاعدہ کو پروان چڑھایا۔

حامد کرزئی

مزید : صفحہ اول