ایمنسٹی سکیم غلط مقاصد کیلئے لائی گئی ، حکومت کالے دھن کو سفید کرنا چاہتی ہے : سراج الحق

ایمنسٹی سکیم غلط مقاصد کیلئے لائی گئی ، حکومت کالے دھن کو سفید کرنا چاہتی ہے : ...

اسلام آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ا یمنسٹی سکیم غلط مقاصد کے لیے لائی گئی ہے ۔ حکومت کالے دھن کو سفید کرنا چاہتی ہے ۔ ایوان کا اجلاس بلانے کے بعد آرڈی نینس لانا افسوسناک ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے بعد صدارتی آرڈی نینس لانے کا ایک ہی مقصد ہے کہ حکومت ا یمنسٹی سکیم کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث نہیں چاہتی ۔ حکومت کو ڈر ہے کہ کوئی اس سے سابقہ ا یمنسٹی سکیموں کے متعلق نہ پوچھ لے ۔ انہوں نے کہاکہ ا یمنسٹی سکیم لانے کا حکومت کا ایک ہی مقصد ہے کہ بلیک منی کو وائٹ کیا جائے اور ٹیکس چھپانے ، چرانے اور کھانے والوں کو آئینی تحفظ دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی صفوں میں بیٹھے ہوئے ٹیکس چور ہر دو چار سال بعد حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ اب یمنسٹی سکیم لائے تاکہ وہ اس عرصے میں بنائے گئے کالے دھن ، لوٹ مار اور کرپشن کی دولت کو قانونی بناسکیں ۔انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کا مقصد قطعاً ٹیکس نیٹ بڑھانا نہیں ، بلکہ اس کے ذریعے لوٹ مار کرنے والوں کو ریلیف دینا ہوتاہے ۔ لٹیروں کو قانون کے مطابق پکڑ کر سزا دینا مسئلے کا اصل حل ہے مگر حکومت خوف زدہ ہے کہ یہ کام شروع ہوگیا تو ان کے ارد گرد بیٹھے ہوئے لوگ ہی پکڑے جائیں گے ۔

سراج الحق

مزید : علاقائی