وفاداریاں بدلنے والے عادت سے مجبور ،انہیں ا پنے مفادات کے علاوہ کسی سے غرض نہیں:مریم اورنگزیب

وفاداریاں بدلنے والے عادت سے مجبور ،انہیں ا پنے مفادات کے علاوہ کسی سے غرض ...

اسلام آباد(این این آئی )وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاداریاں بدلنے والے اپنی عادت سے مجبورہیں، سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کی اپنے مفادات کے علاوہ کسی سے غرض نہیں ہوتی یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے نواز شریف کوپارٹی صدارت کیلئے ووٹ نہیں دیا ،ہوا کا رخ دیکھ کر وفاداریاں بدلنے والوں کو عوام انتخابات میں مسترد کر دیں گے ۔ جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے 4 سال تک ایسی کوئی آواز نہیں اٹھائی، ان لوگوں نے ترقیاتی فنڈز لینے کے باوجود حلقوں میں کام نہیں کیا،نواز شریف ووٹ کے تقدس اور عزت کی جنگ لڑ رہے ہیں ،وفاداریاں تبدیل کرنیوالے وہ لوگ ہیں جنہوں نے نواز شریف کو پارٹی صدارت کیلئے بھی ووٹ نہیں دیا تھا، صحافی برادری نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ،حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے،8ویں ویج بورڈ ایوارڈ کا اعلان 18سال بعد کیا جا رہا ہے، سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کی جائینگی ۔ پیر کو اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ پارٹی چھوڑ کر جانے والے عارضی لوٹے ہیں، یہ لوگ ہوا کا رخ دیکھ کر اپنی وفاداریاں تبدیل کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عادی لوٹوں کی ضرورت نہیں ہے تاہم یہ جاننا ہو گا کہ عادی لوٹوں کو کون لوگ خواب دکھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاداریاں بدلنے والے اپنی عادت سے مجبور ہیں، ان لوگوں کو اپنے مفادات کے سوا کسی سے غرض نہیں ہے۔انہوں نے ہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کو ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دیئے ہیں ۔صحافیوں کیلئے آٹھویں ویج بورڈ کا اعلان کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 8ویں ویج بورڈ کا اعلان 18 سال بعد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 8 ویں ویج بورڈ کی سفارشات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ویج بورڈ ایوارڈمیں تمام فریقین کی نمائندگی شامل ہے۔ ویج بورڈایوارڈکا اعلان روایتی نہیں ہے بلکہ اس پر عملدرآمدبھی یقینی بنایاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ 8ویں ویج بورڈ ایوارڈ کی تیاری میں سابق وزیراطلاعات پرویز رشید نے بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف یوجے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی الیکٹرانک میڈیا قوانین پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ کردار ادا کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ صحافی برادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ،صحافیوں کی جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں ہیں،ان کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔

مریم اورنگزیب

مزید : کراچی صفحہ اول