مسلم لیگ (ن) چھوڑنے والے ارکان اسمبلی پر تبصرے سے گریز کیا جائے

مسلم لیگ (ن) چھوڑنے والے ارکان اسمبلی پر تبصرے سے گریز کیا جائے

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور حکومتی عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کو چھوڑنے والے اراکین پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا جائے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیراعلی پنجاب نے جاری اپنے ایک بیان میں کہاکہ تمام پارٹی رہنما اور حکومتی عہدیداران پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی بیان بازی نہ کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ پارٹی چھوڑنے والے اراکین کے حوالے سے پارٹی اجلاس میں غور و خوض کیا جائے گااور اس ضمن میں مناسب لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔وزیراعلی نے مزید زور دیا کہ پارٹی چھوڑنے والے اراکین کے حوالے سے بیان بازی کو فوری طو رپر روک دیا جائے۔دریں اثناء شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے جامع پروگرام کو آگے بڑھایا ہے۔ حکومت نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اورصحت، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ تمام وسائل عوام کی امانت سمجھتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود پر صرف کئے ہیں اورہمارا ایجنڈا عوام کی ترقی ہے اور رہے گا۔ہمارے سیاسی مخالفین کا ایجنڈا صرف بے بنیاد الزامات اور جھوٹ رہا ہے جبکہ ہم نے ترقی کے مخالفین کی پرواہ کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل کو یقینی بنایا ہے اورعوام کی خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھاتے رہیں گے اور2018 جھوٹ اور الزامات کی سیاست کرنے والوں کی شکست کا سال ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے والے نیازی اور زرداری اب ذاتی مفادات کی خاطر ایک ہوچکے ہیں اور یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ نیازی اور زرداری گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ سیاسی عناصرنے جھوٹ، بے بنیاد الزامات اور دشنام طرازی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کو عام انتخابات میں یکسر رد کر دیں گے کیونکہ جھوٹ کی سیاست کے پاؤں نہیں ہوتے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ الزامات کی سیاست کرنے والوں کے چہرے عوام پر عیاں ہو چکے ہیں کیونکہ تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کو کھوکھلے نعروں کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں لوٹ مار کرنے والے اور دھرنا دینے والے ہماری حکومت کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیں اور عام انتخابات میں شکست ان عناصر کا مقدر ہے۔ شکست خوردہ اور مایوس عناصر نے عوام کی ترقی کی مخالفت کی، عوام آئندہ انہیں سبق سکھائیں گے۔مخالفین جتنے چاہیں منفی حربے استعمال کر لیں، ہم عوام کی ترقی و خوشحالی کو آگے بڑھاتے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی بیگم عفت لیاقت اور رکن صوبائی اسمبلی سلطان حیدر علی خان شامل تھے۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے جنرل الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و صدررسل سٹوکس کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ملک اور معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے گیس کی بنیاد پرلگنے والے منصوبوں میں شفافیت یقینی بناتے ہوئے 150ارب روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں اور بجلی منصوبوں میں شفافیت کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دور میں لگنے والے بجلی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر و صدر جنرل الیکٹرک رسل سٹوکس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھیں گے اورہم آئندہ میں بھی آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاور پلانٹس لگانے کے لئے حکومت کا بے پنا ہ تعاون لائق تحسین ہے۔

ضرور پڑھیں: اسد عمر کی چھٹی

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : کراچی صفحہ اول