گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت،امریکی ملٹری اتاشی کے فرار کی کوشش ناکام ،نام واچ لسٹ میں شامل

گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت،امریکی ملٹری اتاشی کے فرار کی کوشش ناکام ،نام ...

اسلام آباد(آئی این پی ) گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کو ہلاک کرنیوالے امریکی سفارتکار کے بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام ہوگئی، کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں شامل کردیا گیا،ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس، سمندری اور زمینی راستوں پر تعینات امیگریشن حکام کو کرنل جوزف کا نام دیدیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔بیرون ملک بھاگنے کے پیش نظر ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں شامل کر لیا گیا، ملٹری اتاشی کے حوالے سے ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر امیگریشن حکام کو آگاہ کرتے ہوئے الرٹ کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کرنل جوزف نے گزشتہ روز بھی بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کی تھی جسے وفاقی پولیس نے ناکام بنا دیا۔ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار ہونے کی خبر ملنے پر پولیس نے ائیر پورٹ کا گھیرا کرلیا۔ ایئرپورٹ پر پولیس کی موجودگی کی اطلاع پر کرنل جوزف راستے سے واپس چلا گیا۔ کرنل جوزف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے بیرون ملک فرار ہونا چاہتا تھا اور وفاقی پولیس نے بروقت ملٹری اتاشی کے ایئر ٹکٹ کا سراغ لگا کر فرار کی کوشش ناکام بنادی۔اسلام آباد پولیس نے کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملزم ملک سے فرار ہونے کا خطرہ ہے، اس لئے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، ملزم کا پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس بھی کینسل کردیا گیا ہے۔

ای سی ایل

اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانہ کے ترجمان رچرڈ سنلسری کا کہنا ہے کہ امریکن سفارتخارنہ اسلام آباد کارحادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کے ورثا ء کو کسی قسم کی ادائیگی نہیں کررہا اور نہ ہی سفارتخانے نے کسی کو ایسی کوئی پیشکش کی ہے، آن لائن سے بات کرتے ہوئے ترجمان رچرڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کا ہم سب کو بھی اتنا ہی افسوس ہے جتنا کہ کسی دوسرے پاکستانی کو افسو س ہے۔ البتہ سفارتخانے کا عملہ پاکستانی تفتیشی اداروں کیساتھ واقعے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویانا کنونشن کے تحت کسی بھی سفارتی اہلکار کو سفارتی استثناء حاصل ہوتاہے۔لہٰذا ملٹری اتاشی کرنل جوزف عمانیویل کی گرفتاری کاکوئی جواز نہیں بنتا۔ کرنل جوزف نے حادثے کے وقت متعلقہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ کوئی بدتمیز ی نہیں کی اور نہ ہی موقع واردات سے بھاگنے کی کوشش کی ہے۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اس سلسلے میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ساتھ ملاقات کے دوران تمام تر صورتحال واضع کردی تھی۔ مقامی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے ترجمان امریکن سفارتخانہ رچرڈ نے کہا کہ یہ خبر محض مفروضات پر مبنی ہے ،البتہ امریکن سفارتخانہ اسے رد کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے واضع کردیا ہے کہ سفارتخانے کا عملہ پاکستانی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرتا ہے اور واقعے کی تحقیقات میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

ترجمان امریکی سفارتخانہ

مزید : کراچی صفحہ اول