کشمیری عوام کوانکا پیدائیگی ’’حق خودارادیت ‘‘دیا جائے،رفیوجی یوتھ

کشمیری عوام کوانکا پیدائیگی ’’حق خودارادیت ‘‘دیا جائے،رفیوجی یوتھ

مظفرآباد(بیورورپورٹ)جموں کشمیر ریفیوجی یوتھ فیڈریشن اورکشمیری یوتھ نے مقبوضہ جموں کشمیر میں بے گناہ کشمیری عوام کی شہادت پر عالمی امن کے دعویداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارتی جارحیت کیخلاف آواز بلند کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق ’’حق خودارادیت‘‘ دلوانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں،مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرنے پر وزیراعظم آزادکشمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں امید ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتیں مل کر کردار ادا کریں گی، یہ حقیقت ہے کہ مسئلہ کشمیرکا حل ڈیڑھ ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے سے نہیں منظم جدوجہد کے ذریعے ممکن ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مسئلہ کشمیر کا حل پوشیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ریفیوجی یوتھ فیڈریشن کے صدر اور چیئرمین کشمیری یوتھ محمد اقبال میر، چیف آرگنائزر راجہ عبدالرشید، کشمیری یوتھ کے سینئر نائب صدر قدیر اعوان، نائب صدر محمد اشرف تبسم، سیکرٹری اطلاعات محمد بشیر قریشی نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارتی بربریت پر مداخلت کرنی ہوگی اور بھارت پر دباؤ بڑھانا ہوگا کہ وہ فی الفور مقبوضہ جموں کشمیر سے اپنی افواج کا انخلاء کرے تاکہ خطہ میں امن کا خواب شرمندہ تعبیرہوسکے۔اس موقع پر انہوں نے حکومت پاکستان، پاکستانی عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مقبوضہ جموں کشمیر کے بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کیخلاف اور کشمیری عوام سے بھرپو ر اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منایا اس سے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حوصلے مزید بلندہوئے ہیں جو اپنا گرم گرم لہو تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کیلئے قربان کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بزدلانہ کارروائیوں سے کشمیری خوفزدہ نہیں ہونگے، جدوجہد آزادی کشمیرمیں لاکھوں کشمیری جام شہادت نوش کر چکے ہیں آئندہ بھی کشمیری تحریک آزادی کشمیر میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل کیلئے آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کردار اد اکرنا ہوگا، جس طرح سیاسی جلسوں کے پاور شو کیئے جاتے ہیں اسی طرح سے تحریک آزادی کشمیر کیلئے ایک منظم پاور شو کر کے دنیا پر واضح کرنا ہوگا کہ کشمیر ی بھارتی غلامی سے مکمل آزادی چاہتے ہیں جس کیلئے اقوام عالم اپنا کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلوائے تاکہ خطہ میں امن قائم ہوسکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر