ایمریٹس اور فلائی دبئی کے اشتراک سے گالف ٹورنامنٹ
کراچی(پ ر) ایمریٹس اور فلائی دبئی کے اشتراک سے ڈی ایچ اے گالف کلب میں گالفرز ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس میں 96 گالفرز نے حصہ لیا۔ 18 ہول پر مبنی ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں نے اپنی مہارت، تحمل اور توجہ کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پانچ گھنٹے تک جاری دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد فاروق جاوید طویل ترین ڈرائیو ہٹ (276 گز) کے فاتح رہے۔ فرسٹ نیٹ میں عدنان محمود 63 اسکور کے ساتھ فاتح رہے جبکہ اکبر علیماں 69 اسکور کے ساتھ رنر اپ رہے۔ فرسٹ گروس میں اویس انتظار 75 اسکور کے ساتھ فاتح رہے جبکہ عبدالرحمان 79 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ ایمریٹس پاکستان کے وائس پریذیڈنٹ جابر العزیبی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "فلائی دبئی کے ساتھ اس گالف ٹورنامنٹ میں مشترکہ اسپانسر بننے پر ہمیں فخر ہے۔ پاکستان میں گالف کے کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہم بھی اس کھیل کے فروغ میں کردار ادا کریں اور نئے گالفرز کو اپنی مہارت اور کارکردگیدکھانے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کریں۔" ٹورنامنٹ کے اختتام پر ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی جس کے بعد مہمانوں، شرکاء اور منتظمین کے لئے ظہرانہ ہوا جس میں متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرل عزت مآب نصیر ہوازن القطبی بھی موجود تھے۔