کوہاٹ ، فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4افراد جاں بحق ، 2زخمی

کوہاٹ ، فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4افراد جاں بحق ، 2زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوہاٹ (بیورورپورٹ)کوہاٹ میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ گزشتہ روز کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب پیش آیا جہاں سابقہ عداوت کی بناء پرسماری پایاں سے تعلق رکھنے والے مبینہ ملزمان محمدی گل ولد سربی گل اور اسکے بیٹے نصیر نے چلتی سوزوکی پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں سوزوکی میں سوار مخالف فریق کے دو افراد اشرف خان ولد خوائیداد خان اور حیات الرحمان ولد اجمل خان ساکنان سماری پایاں جاں بحق جبکہ شاہ جہان ولد اول خان زخمی ہوگیا۔واردات کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ مقتولین کی لاشیں اور زخمی کو کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پولیس تھانہ جرما نے مجروح شاہجہان کی مدعیت میں واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ قرار دیکرنامزد ملزمان باپ بیٹے کے خلاف قتل و اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔فائرنگ کا ایک اور واقعہ سوموار کی صبح کوہاٹ بنوں روڈ کے علاقہ میروزئی میں رونما ہوا جہاں قتل مقاتلہ کی سابقہ عداوت کی بناء پر مبینہ ملزمان شاہ فہد،عرفان اور شہزاد پسران نواب خان ساکنان میروزئی نے سامنا ہونے پر مخالف فریق کے دو بھائیوں ارشاد اور ریاض پسران انعام گل پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں ریاض موقع پر جاں بحق جبکہ اسکا دوسرا بھائی ارشاد زخمی ہوگیا ۔ارتکاب جرم کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ مقتول کی لاش اور مجروح کو لیاقت میموریل وومن ہسپتال لایا گیا جہاں تھانہ محمد ریاض شہید پولیس نے مجروح ارشاد کی رپورٹ پر واقعہ قتل مقاتلہ کی سابقہ دشمنی کا شاخسانہ قرار دیکر نامزد ملزمان شاہ فہد،عرفان اور شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انکی تلاش شروع کردی ہے۔دریں اثناء اتوار کی شام کوہاٹ ہنگو روڈ کے علاقہ محمد زئی کی اراضیات سے مقامی باشندے تسلیم خان عرف مینے ولد جان خان کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد نامعلوم ملزمان لاش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے ہیں۔پولیس نے مقتول کی لاش تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردی جہاں اسکے بھائی جمیل خان کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ تھانہ چھاؤنی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیاہے۔پولیس کو درج کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقتول عادی ہیروئنچی تھا جسے نامعلوم ملزمان نے گولی مار کرموت کے گھاٹ اتاردیا ہے ۔پولیس نے وقوعہ کے اصل محرکات معلوم کرنے اور ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔