صوبہ بھر کے 25اضلاع کے سکولوں میں ضلع سطح پر ماہانہ جائز مکمل

صوبہ بھر کے 25اضلاع کے سکولوں میں ضلع سطح پر ماہانہ جائز مکمل

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے 25 اضلاع کے سکولوں میں ضلعی سطح پر ماہانہ جائزہ مکمل کرلیا ہے۔ یہ جائزہ طلباء کے تعلیمی نتائج، 5ویں اور 10ویں جماعت کے نتائج، طلباء، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کی حاضری، سکولوں میں ترقیاتی پروجیکٹس کی عملی اورمالی پیش رفت، سکولوں میں نہ داخل بچوں کے داخلہ کی فیصد، نصابی کتب، فرنیچر اور طلباء کو وظائف کی فراہمی کے اشاریوں پر مشتمل تھا۔اس جائزہ کا مقصد بہتر کارکردگی والے ٹیچرز اور سکول کو انعام اور خرابکارکردگی پر ایسے اساتذہ اور سکول سے وضاحت طلب کی جاتی ہے۔ یہ جائزہ ہر ماہ لیاجاتا ہے۔جنوری 2018 کے جائزہ کے مطابق 64.69% مارکس کے ساتھ ایبٹ آباد ضلع پہلے نمبرپر، 63.64% مارکس کے ساتھ چارسدہ ضلع دوسرے نمبر پر، اس کے بعد 61.87% کے ساتھ صوابی ضلع، 61.16% کے ساتھ مالاکنڈ اور لکی مروت 60.69% کے ساتھ۔ لکی مروت لگاتار 3 ماہ تک پہلے 5 اضلاع میں شامل رہا مگر اب وہ اس پوزیشن میں نہیں۔ اب سکول نہ جانے والے بچوں کا ڈیٹا، فرنیچر کی فراہمی، تمام اشاریوں کے حصول کی فیصد نان سیلری فنڈز کا استعمال جیسے اشاریوں کے اضافہ سے دسمبر اور جنوری کے جائزہ میں فرق نظر آتا ہے۔ دسمبر میں یہ 49.34% سے 70.52% تھا جبکہ جنوری میں 46.35% سے 64.69% تھی۔گزشتہ دو ماہ میں لگاتار ایک جیسے رہنے والے اشاریوں کی مدد سے ماہانہ جائزہ کی مدد سے تبدیلی کا جائزہ لیا گیا۔ اس طرح 25 سے 18 اضلاع کے جائزہ میں بہتری آئی ہے۔اس میکانزم سے طلباء کی حاضری میں 1% اور ٹیچرز کی حاضری میں 4% بہتری آئی ہے۔ بجلی، چار دیواری اور بیت الخلا والے سکولوں میں 4% اضافہ ہوا۔ غیر فعال سکولوں کو فعال بنانے میں 33% اضافہ ہوا۔ خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سپیشل سیکرٹری ارشد خان کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی ہے۔ جو براہ راست سیکرٹری عابد مجید خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو جوابدہ ہے۔ اس میکانزم سے ہمیں اپنی کامیابیوں اور خامیوں کا علم ہوگا اور ہم اپنی خامیاں دور کرسکیں گے۔ ہم کم بہتری والے سکولوں پر توجہ دیں گے اور ان کی کارکردگی بہتر بنائیں گے۔ اور اس سے ضلعی تدریسی عملہ کے احتساب میں مدد ملے گی۔ یہ بات خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سپیشل سیکرٹری ارشد خان نے بتائی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر