پی ٹی آئی میں نہ کوئی فاروڈبلاک ہے نہ کوئی بنے گا،احتساب صرف جہانگیر ترین کا نہیں ہورہا ،غلام سرور خان
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کاکہناہے کہ پی ٹی آئی میں نہ کوئی فاروڈبلاک ہے نہ کوئی بنے گا، جہانگیرترین کی پارٹی کو اس مقام تک لانے کیلئے زیادہ خدمات ہیں ،احتساب صرف جہانگیر ترین کا نہیں ہورہا ،کئی لوگوں کی شوگرملز کو نوٹسز جاری ہوئے ہیں ،انکوائری تو نیب میں میرے خلاف بھی ہوئی ۔
وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم چوں چوں کامربہ ہے یہ اتحادلمبانہیں چل سکتا،استعفوں کی بات ہوئی تو پی ڈی ایم میں کسی نے استعفے نہ دیئے ،ان کاکہناتھا کہ پی ڈی ایم میں دو جماعتیں ایک طرف اوردو دوسری طرف ہیں ،ن لیگ اور جے یو آئی ایک ساتھ کھڑی ہیں ،پی پی اوراے این پی ایک ساتھ کھڑی ہیں ،یہ آپس میں دست و گریبان ہیں ۔
غلام سرور خان نے کہاکہ ن لیگ اورجے یو آئی کا ٹارگٹ پی پی اور اے این پی ہیں ،پی ڈی ایم والے ایک دوسرے کے ساتھ ہی مخلص نہیں ،حکومت کیلئے پی ڈی ایم کوئی مسئلہ نہیں ہے ،مسئلہ مہنگائی اور بیروزگاری ہے،مہنگائی اور بیروزگاری سے قوم کی جان چھڑانی ہے،حکومت کاہدف ملک کومعاشی طورپر مستحکم کرنا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ جہانگیرترین کی پارٹی کو اس مقام تک لانے کیلئے زیادہ خدمات ہیں ،جہانگیر ترین میرے دوست ہیں ،لیڈرمیرا عمران خان ہے،ان کاکہناتھا کہ جہانگیر ترین اورمیں اکٹھے ہی پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے ،جہانگیر ترین توپی ٹی آئی سے انصاف طلب کررہے ہیں ۔احتساب صرف ترین کا نہیں ہورہا ہے کئی لوگوں کی شوگرملز کو نوٹسز جاری ہوئے ہیں ،انکوائری تو نیب میں میرے خلاف بھی ہوئی ۔