نارووال ،سیلاب کے باعث پل بہہ گیا، 40دیہاتوں کا زمینی راستہ منقطع

نارووال ،سیلاب کے باعث پل بہہ گیا، 40دیہاتوں کا زمینی راستہ منقطع
نارووال ،سیلاب کے باعث پل بہہ گیا، 40دیہاتوں کا زمینی راستہ منقطع

  


نارووال (مانیٹرنگ ڈیسک) نارووال میں برساتی نالہ ڈیک میں سے 30ہزار کا سیلابی ریلا گزرنے سے قلعہ احمد آباد اور ظفروال کو ملانے والا پل سیلاب میں بہہ گیا،40دیہاتوں کا قلعہ احمد آباد سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

گزشتہ رات برساتی نالہ ڈیک سے اب تک گزرنے والے سیلابی ریلوں میں سے سب سے بڑا سیلابی ریلا 30ہزار کیو سک گزرا جس سے قلعہ احمد آباد سے ظفروال کو ملانے والی روڈ پر واقع دو ماہ قبل تعمیر ہونے والا پل سیلاب کے ریلے میں بہہ گیا۔پل سیلاب میں بہہ جانے کے باعث قصبہ جیسی والا سمیت 40دیہاتوں کا زمینی راستہ قلعہ احمد آباد سے منقطع ہو گیا ہے۔نیویں پلی پر سے سیلابی ریلا پانچ سے سات فٹ بلند ی کے ساتھ تیز رفتاری کے ساتھ گزرتا رہا جس سے نارووال سیالکوٹ کے درمیان چلنے والی ٹریفک بند ہو گئی،برساتی نالہ ڈیک میں تغیانی آنے سے قلعہ احمد آباد اور بدوملہی کے گردو نواح کے 80سے زائد دیہات زیر آب آ چکے ہیں جبکہ 35ہزار ایکڑ زرعی اراضی پر کھڑی فصل بھی دس روز سے سیلاب میں ڈو ب چکی ہے۔اتنے بڑے سیلابی ریلے کی وجہ سے ہر طرف پانی ہی پانی نظر آتا ہے۔اونچے درجے کے اس سیلاب سے قلعہ احمد آباد کے سینکڑوں گھروں میں پانی بھی داخل ہو گیا جس کی وجہ سے اہل علاقہ نے رات بھر جاگتے ہوئے گزاری ،سیلاب کے پانی کی بلند سطح کے باعث سرکاری ہسپتال اور پولیس سٹیشن میں بھی اب اہل علاقہ داخل نہیں ہو سکتے،ریسکیو 1122کی ٹیمیں سیلاب زدہ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے کام کر رہی ہیں۔

مزید : نارووال


loading...