پی سی بی نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کیلئے 30کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی

پی سی بی نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کیلئے 30کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی

  



 لاہور ( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے 30 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی ہے، ون ڈے کپتان اظہر علی اے اور سابق کپتان شعیب ملک بی کیٹگری میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری کے بعد نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کیا جائے گا۔ سرفراز احمد اور وہاب ریاض ڈی کیٹگری سے بی میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔اے کیٹیگری میں مصباح الحق،اظہر علی، شاہد آفریدی، یونس خان اور محمد حفیظ شامل ہوں گے۔ شاہد آفریدی صرف ٹی ٹوئنٹی کھیلتے ہیں لیکن ٹیم کے سب سے سینئر کھلاڑی ہونے کی وجہ سے انہیں بھی اے کیٹگری ملی ہے۔بی کیٹگری میں سرفراز احمد، وہاب ریاض، شعیب ملک، احمد شہزاد، سعید اجمل اور جنید خان کو جگہ ملے گی۔ سعید اجمل کو کنٹریکٹ میں جگہ دی گئی ہے، البتہ وہ اے سے بی کیٹگری میں پہنچ گئے۔ شعیب ملک بھی ٹیم میں واپسی کے بعد کنٹریکٹ لسٹ میں بھی واپسی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم انہیں اے کی بجائے بی میں رکھا گیا ہے۔سی کیٹگری میں اسد شفیق، حارث سہیل، عمراکمل، صہیب مقصود، فواد عالم، راحت علی، سہیل خان، محمد عرفان، یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کو شامل کیا گیا ۔ہیڈی کیٹیگری کیلئے شان مسعود، محمد رضوان،عمر امین، سعد نسیم ، بابر اعظم، سمیع اسلم، عماد وسیم،انور علی، احسان عادل، عمران خان اور بلاول بھٹی مضبوط امیدوار ہیں۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر اور ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کیا ہے اس کے بعد ان کو کیٹگریز میں رکھا گیا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان اس حوالے سے ان ناموں کی منظوری دیں گے کافی عرصہ سے اس حوالے سے کام جاری تھا اور سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کے اختتام ہونے کا انتظار کیا جارہا تھا تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو اچھی طرح سے دیکھا جاسکے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی