سیلاب زدہ علاقوں میں فصلوں کے نقصانات کا سروے جلد کرنے کی ہدایت

سیلاب زدہ علاقوں میں فصلوں کے نقصانات کا سروے جلد کرنے کی ہدایت

  



راولپنڈی (این این آئی) پارلیمانی سیکرٹری زراعت پنجاب رانا اعجاز احمد نون نے سیلاب زدہ علاقوں میں فصلوں کے نقصانات کا غیر جانبدارانہ اور شفاف سروے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہاہے کہ جن علاقوں میں سیلاب کا پانی اتر رہا ہے وہاں کاشتکاروں کو فصلوں کی دیکھ بھال، بچاؤ اور حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اور باغبانوں کو پوسٹ فلڈ آپریشن کے بارے میں مکمل آگاہی دی جائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں کپاس کے ساتھ ساتھ کماد اور دھان کی فصلوں کے نقصانات بارے بھی مکمل سروے کر کے رپورٹ مرتب کی جائے تاکہ حکومت پنجاب کو کاشتکاروں کے نقصانات کے ازالہ کے لئے اقدامات اٹھانے میں کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ محکمہ زراعت (توسیع) کے افسران روزانہ کی بنیاد پر سروے کرنے والے عملہ کی مانیٹرنگ کریں تاکہ سیلاب سے فصلوں کے نقصان کے عمل کو شفاف بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے فصلوں کو جزوی اور مکمل نقصان کی علیحدہ علیحدہ رپورٹ مرتب کی جائیگی انہوں نے ہد ایات میں واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ لوگوں کی جان، مال و فصلوں کے نقصانات کے ازالہ کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے محکمہ زراعت اپنا مؤثر کردار ادا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔

مزید : کامرس


loading...