افغانستان سے ایک برس میں 50کروڑ روپے کے آرڈر ملے، خورشید برلاس

افغانستان سے ایک برس میں 50کروڑ روپے کے آرڈر ملے، خورشید برلاس

  



راولپنڈی (اے پی پی ) چیئرمین ریجنل ٹریڈ کمیٹی خورشید برلاس نے کہاہے کہ افغانستان سے پاکستانی کمپنیوں کوایک برس کے عرصہ میں 50کروڑ روپے سے زائد کے آرڈرز ملے،تجارتی نمائشوں کا انعقاد بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے کا بڑا ذریعہ ہے اور ان تجارتی نمائشوں کی بدولت بیرون ملک سے کروڑوں روپے کے آرڈرز موصول ہوئے جو کہ ان کی افادیت ظاہر کرتا ہے ۔ اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید برلاس نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے چند ماہ قبل افغانستان میں تجارتی نمائش کا انعقاد کیا تھا جس کے بعد پاکستانی کمپنیوں کو 50کروڑ روپے سے زائد کے آرڈرز ملے ۔انہوں نے کہاکہ سری لنکا نے بھی پاکستانی مصنوعات کی خریداری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور سری لنکا سے گذشتہ برس پاکستانی کمپنیوں کو 10کروڑ روپے کے آرڈرز ملے ۔خورشید برلا س نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کے تعارف اور ملکی معیشت کے فروغ کے لیے ہر سال تجارتی نمائشوں کا انعقاد کراتا ہے جن کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ رواں برس بھی راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام امریکہ ،نیپال اور تاجکستان میں تجارتی نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ غیر ملکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی طلب میں اضافہ کر کے تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔

مزید : کامرس


loading...