متاثرین سیلاب کو علاج کی سہولیات 24 گھنٹے فراہم کی جا رہی ہیں،خواجہ سلمان

متاثرین سیلاب کو علاج کی سہولیات 24 گھنٹے فراہم کی جا رہی ہیں،خواجہ سلمان

  



لاہور(جنرل رپورٹر)مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں متاثرین سیلاب کو علاج معالجہ کی سہولیات 24 گھنٹے فراہم کی جا رہی ہیں اور سیلاب سے متاثرہ 8 اضلاع ڈیرہ غازی خان، جھنگ، خوشاب ،لیہ، مظفرگڑھ، میانوالی ، رحیم یار خان اور راجن پورکی107 یونین کونسلوں میں 202 میڈیکل ٹیمیں فرائض سرانجام دے رہی ہیں اور ابتک میڈیکل ٹیموں نے ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد متاثرین سیلاب کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں 202موبائل ٹیمیں متاثرین سیلاب کو 24گھنٹے طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہیں ۔ میڈیکل ٹیموں نے 18198بچوں کو پولیو اور14193 بچوں کو خسرہ سے بچاؤ جبکہ6740 حاملہ خواتین کو تشنج سے بچاؤ کی ویکسین لگائی۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لیڈی ڈاکٹرز نے 302 حاملہ خواتین کا میڈیکل چیک اپ کیا اور ڈاکٹروں نے کتے کے کاٹے2 افراد کو بروقت ٹیکے لگا کر ان کی جان بچائی۔انہوں نے مزید کہا کہ متاثریں سیلاب خصوصا بچوں اور ضعیف العمر افراد کو اسہال اور ڈی ہائیڈریشن سے بچانے کے لئے پانی صاف کرنے والی ایکوا پیوراگولیاں اور اوآرایس(ORS) کے پیکٹ بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔ مزید براں میڈیکل ریلیف کیمپوں میں تمام ضروری ادویات کی فراہمی اور عملے کی حاضر ی یقینی بنائی جارہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...