بچوں سے زیادتی کا شرمناک سکینڈل ریاست کے چہرے پر بدنما داغ ہے،میاں جمیل

بچوں سے زیادتی کا شرمناک سکینڈل ریاست کے چہرے پر بدنما داغ ہے،میاں جمیل

  



لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ قصور میں بچوں سے زیادتی کا شرمناک سکینڈل ریاست کے چہرے پر بدنما داغ ہے،واقعے کو زمین کا تنازعہ قراردینے کی کوششوں سے نہ صرف ناانصافی کو فروغ ملے گا بلکہ سنگین جرائم کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی، انہوں نے کہا سینکڑوں بچوں سے سالہا سال تک زیادتی ہوتی رہی اور سفاک مجر موں نے پوری دیدہ دلیری سے متاثرہ بچوں کی ویڈیو زبھی بنائیں، مگر پولیس اور قانو ن نافذ کرنیوالے تمام ادارے خواب خرگوش کے مزے لیتے رہے، بچوں سے جنسی تشدد کا یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج ایک بارپھر داغدار ہوا ہے، صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ واقعے پر مٹی ڈالنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں ،ہم وزیر قانون سے پوچھتے ہیں کہ اگر انکے بچوں کیساتھ اس قسم کا گھناؤنا کھیل کھیلا جا تاتو پھر وہ کیا کرتے ؟ انہوں نے کہا سینکڑوں بچوں سے بداخلاقی کے شرمناک سکینڈل نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے اگر مجرموں کو سزا نہ ملی تو حکمرانوں کو اس کا خمیازہ بھگتنے کیلئے بھی تیار رہنا چاہئیے، صوبائی وزیر قانون کا واقعے کو دوگروپوں کے مابین زمین کے تنازعے کا تاثر دینا معاشرے میں سنگین جرائم کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے، انہو ں نے مطالبہ کیا کہ سکینڈل کے تمام کرداروں کو گرفتار کرکے مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے تاکہ سفاک مجرم اپنے منطقی انجام سے دوچار ہوسکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1