پرانی سیاست کا خاتمہ ہونیوالا ہے،عمرانْ ہری پور الیکشن میں رینجرز تعینات کئے جائیں ،مسلم لیگ(ن)

پرانی سیاست کا خاتمہ ہونیوالا ہے،عمرانْ ہری پور الیکشن میں رینجرز تعینات ...

  



ہری پور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں قصور واقعے اور ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ہری پور میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قصور واقعے نے قوم کے دل ہلا کر رکھ دیے ہیں۔ قصور واقعے کی رپورٹ اخبار میں چھپی جسے پڑھ کر انہیں دکھ ہوا۔ قصور میں معصوم بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیو بنا کر ان کے والدین کو دکھائی گئیں جبکہ متاثرہ بچوں کے والدین کو ڈرایا دھمکایا بھی گیا۔ پنجاب میں تھانے داروں کے ذریعے ظلم کروایا جاتا ہے اور اس واقعے میں بھی پنجاب کے سیاست دان اور پولیس ملوث ہے۔ جو لوگ اس واقعے میں ملوث ہیں وہ انہیں سزا دلوانے کے لیے قومی اسمبلی میں آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا میں بہترین کام کر رہی ہے اور صوبے میں کسی سیاسی مخالف کے خلاف کوئی پرچہ نہیں کٹا۔ تحریک انصاف نے پہلی مرتبہ اقتدار عوام کو منتقل کیا اور پولیس کے نظام کو بہتر بنایا۔ خیبر پختونخوا میں فیصلہ وزیر اعلیٰ نہیں کرتا بلکہ وہاں عوامی نمائندے موجود ہیں جو فیصلے کرتے ہیں۔وہاں ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں کا نظام فوری طور پر تبدیل نہیں کیا جا سکا اور اس کی وجہ قوانین میں تبدیلی تھی۔ ہسپتالوں کا نظام ٹھیک کرنے کے لیے ڈاکٹروں اور ہسپتال کے دیگر عملے کی مدد چاہیئے کیونکہ ان کی مدد کے بغیر نظام تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ یونیورسٹوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خاص طور پر ڈاکٹر عطاء الرحمان سے درخواست کی ہے کہ وہ صوبے میں وائس چانسلر کی تقرر کے معاملے کو دیکھیں۔ ڈاکٹر عطا ء الرحمان کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی نہ صرف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا میرٹ پر انتخاب کرے گی بلکہ ان کا احتساب بھی اسی کمیٹی کی ذمہ داری ہو گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تبدیلی باتوں سے نہیں نظام بدلنے سے آتی ہے اور اسی لیے صوبہ خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن بنایا گیا ہے جو صوبائی وزراء کی بھی تحقیقات کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مغرب میں لوگ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں اور اسی لیے کے پی میں بلدیاتی انتخابات کروا کر انہوں نے عوام کو 42 ہزار نمائندے چننے کا حق دیا ہے۔ اب صوبہ کے عوام خود فیصلہ کریں گے کہ صوبے کے بجٹ میں مختص کیے گئے 41 ارب روپے کہاں خرچ کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے حقوق سمجھ چکے ہیں اور ان کے ذہنوں میں تبدیلی آ چکی ہے۔ حکمران عوام کے ٹیکس کے ساتھ کام کرتے ہیں اور اس کے بعد احسان جتاتے ہیں جبکہ عوام کے پیسوں سے اپنی تشہیر کرنا بھی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہزارہ اور ہری پور کے لوگ باشعور ہیں اور یہاں پرانی سیاست کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کا شکریہ ادا کیا اور کہا ضمنی انتخابات میں عوامی تحریک پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...