پنجاب حکومت قصورواقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا اعلان ،ملزمان کو کڑی سزا دی جائے گی ،شہباز شریف

پنجاب حکومت قصورواقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا اعلان ،ملزمان کو کڑی سزا ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت قصور میں پیش آنے والے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرائے گی ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سطح پر انکوائری کمیشن تشکیل دینے کے لئے فوری درخواست کرے ۔وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ قصور واقعہ کے ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی اور ملزمان اپنے انجام سے نہیں بچ پائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قصور واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کریں گے او رانصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اعلیٰ سطح کا ا جلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ کو قصور واقعہ کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قصور واقعہ کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور جنہوں نے یہ گھناؤنا فعل کیاہے وہ سخت ترین سزا کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ۔وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث باقی ماندہ ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ پائیں گے ۔چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل ، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آپریشنز، کمشنر لاہو رڈویژن اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر اور وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گلگت بلتستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا ہے اور سب نے مل کر وطن عزیز کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے بہت سی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ملک میں معاشی و اقتصادی شعبے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کو کچلنے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ پاکستان اور پاکستانیوں کے دشمن ہیں ۔ 18 کروڑ عوام کے اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کی لازوال داستان رقم کر رہی ہیں اور آپریشن ضرب عضب میں شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں اور اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی۔سی پیک کے منصوبوں سے پورے پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو توانائی بحران سمیت تمام مسائل سے نکالیں گے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں کے ضمن میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کردار قابل تحسین ہے۔

مزید : صفحہ اول