بلاول بھٹو کا مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ سکھر اور گڈو بیراج کا دورہ

بلاول بھٹو کا مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ سکھر اور گڈو بیراج کا دورہ

  



خیرپور (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب کی صورتحال اور سیلاب متاثرین کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے سکھر بیراج اور خیرپور ضلع کے الرا جاگیر بند کا معائنہ کیا اور سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا اور متاثرین کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی ان کی بھرپور مدد کی جائے گی ۔سکھر ایئر پورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ، سینئر صوبائی وزیر آبپاشی نثار احمد کھوڑو، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور دیگر صوبائی وزراء نے بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سکھر بیراج پر ایگزیکٹو انجینئر آفس میں بریفنگ دی گئی جہاں سینئر صوبائی وزیرآبپاشی نثار احمد کھوڑو اور سیکریٹری آبپاشی سید ظہیر حیدر شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں 46 حساس مقامات پر لاکھوں کیوبک فٹ پتھر اور مشنری بھی موجود ہے اور آبپاشی عملہ 24 گھنٹے بندوں کی نگرانی کررہا ہے ۔سینئر صوبائی وزیر آبپاشی نثار احمد کھوڑو نے بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام بندوں اور بیراج کی 24 گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری کی گئی ہے جہاں بھی سیلابی پانی کا دباؤ بڑھے گا وہاں پتھر اور مشنری اور میٹریل فلڈ فائٹنگ کی جارہی ہے کوئی خطرے کی بات نہیں ہے اور تمام حکومتی مشنری الرٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچے کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ریسکیواور ریلیف کا کام جاری ہے اور تمام تر صوتحال کی وہ خود نگرانی کررہے ہیں امید ہے کوئی خطرے کی بات نہیں ہوگی ۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے بندوں کی مضبوطی کی ہدایت کی ،بعدا زاں پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے خیرپور ضلع کے حساس قرار دیے جانے والے الرا جاگیر بند کا گڑھی پٹھان کے مقام پر دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے گھل مل گئے اور ان سے معلومات حاصل کیں اور ان کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی اس کڑے وقت میں ان کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی بھرپور امداد اور ریلیف دیا جائے گا جبکہ بندوں کی مضبوطی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیلاب زدہ علاقوں سے نقل مکانی کرکے آنے والے متاثرین میں سامان اور راشن تقسیم کیا ۔اس موقع پر سیلاب متاثرین ان سے گلے مل کر جذباتی ہوگئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ریلیف کیمپ میں قائم عارضی اسکول کا دورہ کیا اور ریلیف کے کاموں میں مصروف اسکاؤٹس سے ہاتھ ملایا اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین سے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ، سینئر صوبائی وزیر آبپاشی و اطلاعات نثار احمد کھوڑو، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی ، سید جاوید علی شاہ ، لعل بخش منگی، مظہر علی خان، مشتاق سرھیو،کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نعمان اسلام شیخ،ڈاکٹر ذیشان حنیف ،ڈی آئی جی سکھر کامران افضل ، ایس ایس پی خیرپور ساجد کھوکھر اور دیگر پارٹی رہنما موجود تھے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...